لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاق کو کمزور کرنے کے لیے پنجاب حکومت کو نشانہ بنا رہی ہے اور سمجھ نہیں آ رہا کہ ان کی نیت کیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سندھ حکومت کی طرف سے کئی معافیاں ادھار ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کس چیز کی معافی مانگیں؟سندھ والے ہر معاملے میں صوبائیت کارڈ کھیلتے ہیں اور پنجاب کے معاملات میں دخل اندازی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی روزانہ پریس کانفرنسز کر رہی ہے اور سخت زبان استعمال کر رہی ہے، پنجاب حکومت بھی اپنے موقف کا جواب دے سکتی ہے لیکن وقت کی کمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی کے سروے پر کئی سوالات اٹھائے گئے جبکہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے سروے ہو رہا ہے اور 17 اکتوبر کو متاثرین کو چیکس تقسیم کیے جائیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم کے خلاف بیان دیا لیکن قصور میں وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کی تعریف بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھا ہوتا کہ بلاول بھٹو سیلاب کے معاملات پر پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرتے، کیونکہ پنجاب میں بحرانوں پر قابو پانے کے لیے سیاسی کشیدگی نہیں ہونی چاہیے۔
 
                        
 
             
                             
                             
                             
                             
                             
		
 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				