لاہور:پنجاب حکومت نے کم آمدنی والے اور مستحق افراد کے لیے 57 ہزار معیاری اور سستی رہائش گاہوں کی تعمیر کا بڑا منصوبہ تیار کر لیاجو محکمہ ہاؤسنگ کے زیر انتظام مکمل کیا جائے گا۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق پہلے مرحلے میں 20 ہزار رہائش گاہوں کے لیے صوبے بھر کے 24 اضلاع میں 41 سائٹس کا انتخاب مکمل کر لیا گیا اور ان سرکاری زمینوں کو پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے نام منتقل کرنے کی منظوری دے دی گئی ۔
منصوبے کے مطابق رہائش گاہیں آسان اقساط پر مستحق افراد کو فراہم کی جائیں گی۔ 16 اضلاع میں 250 مربع فٹ پر محیط 22 سائٹس، 5 اضلاع میں 530 مربع فٹ کی تین منزلہ 11 سائٹس، اور 3 اضلاع میں 550 مربع فٹ پر محیط چار منزلہ 8 سائٹس تعمیر ہوں گی۔
منصوبہ 5 سال میں مکمل کیا جائے گا۔محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان نے بتایا کہ رہائش گاہوں میں جدید ضروریات کے مطابق شمسی توانائی کا نظام اور بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کی سہولت بھی شامل ہوگی تاکہ ماحول دوست اور پائیدار رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ منصوبہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ورلڈ بینک اور نجی شعبے کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔
 
                        
 
             
                             
                             
                             
                             
                             
		
 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				