کراچی،دودھ کی قیمت میں اضافے کیلئے ڈیری مالکان کا الٹی میٹم

کراچی: ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمتوں کے تعین سے متعلق 11 اکتوبر تک عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں آئندہ لائحہ عمل اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔

ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے ترجمان غلام شبیر ڈار نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دودھ کی پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ پانچ، چھ سو روپے فی من ملنے والا بھوسہ اب1200 روپے فی من تک پہنچ گیا ہے اور جانوروں کے اخراجات پورے نہیں ہو رہے۔

انہوں نے کہا کہ مجبوری کے تحت دودھ کی قیمت 250 روپے فی کلو کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، اگر حق نہ دیا گیا تو 11 اکتوبر کے بعد احتجاج کریں گے اور عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

غلام شبیر ڈار نے مزید کہا کہ پروڈکٹ ہماری ہے، اس لیے کمیٹی میں ڈیری فارمرز کا نمائندہ شامل ہونا چاہیے۔ترجمان نے خبردار کیا اگر ڈیری فارمرز کو دیوار سے لگایا گیا تو 2026 میں 400 روپے فی لیٹر بھی دودھ نہیں مل سکے گا، اس لیے حکومت کو فی الفور ڈیری فارمرز کے مطالبات تسلیم کرنے چاہئیں۔