سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دورِ حکومت میں 131 ملین روپے کی مالی بے ضابطگی کا انکشاف ہواہے ۔ میڈیا رپورٹ مطابق آڈٹ رپورٹ 2021-2022 میں بتایا گیا ڈی جی خان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا اہم ریکارڈ آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کو فراہم ہی نہیں کیا گیا۔
پبلک اکائونٹس کمیٹی تھری نے اس سنگین غفلت پر شدید برہمی کا اظہار کیا، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی وجہ سے پورا معاملہ مشکوک ہوگیا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ یہ بھی معلوم کیا جائے کہ کہیں کمپنی میں بھرتی شدہ ملازمین گھوسٹ تو نہیں۔
چیئرمین پبلک اکائو نٹس کمیٹی تھری نے واضح کیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہ کیا گیا تو معاملہ ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھیج دیا جائے گا تاکہ مزید تحقیقات کی جا سکیں۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق مالی بے ضابطگیوں اور ریکارڈ کی عدم فراہمی نے کمپنی کے امور پر شکوک و شبہات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

