سعودی عرب میں حکام کی جانب سے عمرہ کے خواہش مند افراد کے لیے پالیسی کو مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارتِ حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی ویزے پر سعودی عرب آنے والے عمرہ ادا کرسکیں گے۔وزارتِ حج وعمرہ کے مطابق سعودی وژن 2030ء اہداف میں زائرین کو ہر ممکن سہولت دینا سرفہرست ہے۔
وزارتِ حج وعمرہ کے مطابق وزٹ، فیملی وزٹ، سیاحتی یا ٹرانزٹ ویزے پر آنے والے عمرہ ادا کرسکیں گے، نسک عمرہ پورٹل کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ کی جانب سے مختلف ممالک کے ساتھ حج 1447 ہجری کی تیاریوں کے حوالے سے ہونے والے اجلاسوں کا سلسلہ مکمل ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق وزارتِ حج کی جانب سے اس سال حج 1447 کی خدمات کے معیار میں مزید بہتری لانے اور بروقت معاملات کو مکمل کرنے کے حوالے سے 75 سے زیادہ ممالک کے حکام کے ساتھ ورچوئل اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق ان اجلاسوں میں آئندہ سال کے لیے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں تفصیل سے گفتگو ہوئی۔
وزارت حج وعمرہ کے مطابق حج سے متعلق اجلاسوں کو قبل از وقت منعقد کرنے کا مقصد سروسز اور حج پروگرام کے بارے میں بیرونی اداروں کو مطلع کرنا تھا تاکہ حجاج کی آمد وروانگی کے معاملات مکمل ہوسکیں۔اس سے قبل سعودی وزارت حج نے متعلقہ اداروں کے ساتھ 50 سے زیادہ اجلاس منعقد کیے، جن میں ایک اجلاس میں انیشیٹو’سعودی بس’ پر اتفاق کیا گیا جس کا مقصد عازمین حج کے لیے ٹرانسپورٹ کے تجربے کو اعلی معیار تک پہنچانا ہے۔

