آئندہ انتخابات سے قبل اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی قوانین میں ترامیم کی سفارشات کا مسودہ وزارت قانون کو ارسال کردیا ہے، الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017ء کی دفعہ 208 میں ترمیم کی سفارش کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے انٹراپارٹی انتخابات میں نگرانی کا اختیار مانگ لیا ہے، الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں میں جمہوریت کیلئے انٹراپارٹی انتخابات کی نگرانی ناگزیر ہے۔ترامیم کا مقصد سیاسی جماعتوں کے اندراج، انتخابی نشانات اور خواتین نمائندگی کے مسائل حل کرنا ہے، ترامیم سے انتخابی عمل زیادہ شفاف اور منظم ہوگا۔
ذرائع نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوری ڈھانچہ مضبوط اور خواتین کی شمولیت یقینی بنے گی، سیاسی جماعتوں کے انٹراپارٹی الیکشن کی شفافیت جانچنے کیلئے قانون میں کوئی شق موجود نہیں ہے۔الیکشن کمیشن ذرئع نے بتایا کہ ملک میں درجنوں جماعتیں ہیں مگر اندرونی جمہوری ڈھانچہ کمزور ہے، تجویز دی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن افسران پر مشتمل ٹیم سیاسی جماعتوں کے انتخابات کا مشاہدہ کرے۔
ذرائع نے کہا کہ کمیشن کی سالانہ رپورٹ کے ساتھ مشاہداتی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ تجاویز منظور ہونے سے عوامی اعتماد اور جماعتی شفافیت میں اضافہ ہوگا۔سیاسی جماعتوں کی جانب سے سفارشات پر سخت ردعمل آنے کا امکان ہے، مختلف جماعتیں پہلے ہی انٹراپارٹی انتخابات پر تحفظات ظاہر کرچکی ہیں۔

