دیکھئے ویڈیوز: کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش، موسم خوشگوار، بجلی غائب

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ہے جبکہ یہ سلسلہ اتوار تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی توقع ہے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق مون سون سسٹم سندھ میں برسنے کے بعد تیزی سے کراچی کی حدود میں داخل ہوگیا اور پیشگوئی کے حساب سے وقت سے پہلے بارش ہوگئی۔

موسمیاتی ماہرین کا سسٹم کی رفتار کو دیکھتے ہوئے خیال تھا کہ یہ جمعے کو کراچی کی حدود میں داخل ہوگا تاہم اگر کچھ زیادہ بھی ہوا تو رات گئے بارش شروع ہوسکتی ہے مگر توقع کے برعکس سسٹم تیزی سے کراچی کی طرف بڑھا اور برس گیا۔

بارش کا آغاز ایم نائن سے ہوا اور پھر گلشن معمار، گلشن، گلستان جوہر، شاہ فیصل، کورنگی، لانڈھی، ملیر، بن قاسم، حسن اسکوائر، غریب آباد، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، جمشید روڈ، صدر، کورنگی، اورنگی، نارتھ ناظم آباد، نئی کراچی، سرجانی، اسکیم 33 سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کڑکنے کے بعد بادل زور دار انداز سے برسے۔

اس کے علاوہ ڈیفنس، کلفٹن، بلدیہ، شیر شاہ، کیماڑی اور دیگر علاقوں میں بھی طوفانی بارش ہوئی۔ موسمیاتی ماہرین کی پیشگوئی کے حساب سے کراچی میں بارش کا سلسلہ اتوار تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

شہریوں کیلیے ہدایت

کراچی کے شہریوں کیلیے ہدایت ہے کہ وہ تیز بارش کے دوران گھروں پر رہنے کو ترجیح دیں، گڑھوں یا پانی جمع ہونے والی سڑک اور برسات کے دوران کسی نئے راستے پر جانے سے گریز کریں۔

اس کے علاوہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، برقی آلات اور سوئچ بورڈ کو چھونے سے بھی گریز کریں۔

بارش کے بعد شہر کے 300 سے زائد فیڈر بند 

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔