وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مسلسل غیر حاضر اساتذہ کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے انہیں تنخواہیں جاری نہ کرنے کا حکم دے دیا۔محکمہ تعلیم کو فرائض سے غفلت برتنے والوں کی تفصیلات طلب کرنے کا حکم دیا۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بغیر اطلاع کے مسلسل غیر حاضر اساتذہ کو ایک ہفتے کے اندر شوکاز نوٹس جاری کر دیا جائے، اگر وہ تسلی بخش جواب نہ دے سکے تو ان کی جگہ پر نئے اساتذہ کو کنٹریکٹ بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا۔ کسی بھی ملازم تنظیم اور ایسوسی ایشن کو تالہ بندی کی اجازت نہیں دی جائے گی، افسران فیلڈ وزٹ کر کے حاضری کو یقینی بنائیں اور کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ کریں۔
میر سرفراز بگٹی کی ہدایات پر صوبائی حکومت نے تمام سرکاری محکموں کو سختی سے آگاہ کر دیا ہے کہ وہ گرینڈ الائنس کی جانب سے جاری ہڑتال کے تناظر میں اپنے ماتحت تمام ملازمین کو فورا اپنی جائے تعیناتی پر حاضر ہونے کی ہدایت کریں۔ اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی کو بھی تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے یا کسی بھی قسم کے سرکاری امور میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکومت بلوچستان نے خبردار کیا ہے کہ جو سرکاری ملازم گرینڈ الائنس کی ہڑتال کی آڑ میں اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا، اس کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت اور حکومتی ضوابط کی خلاف ورزی کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایسے کسی بھی اقدام کو ناقابلِ معافی جرم تصور کیا جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ عوامی خدمات کے نظام کو سیاسی دباؤ یا کسی بھی قسم کی ہڑتال سے متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا، اور جو عناصر غیر قانونی طریقے سے سسٹم کو مفلوج کرنے کی کوشش کریں گے ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔