ابھنندن کو گرفتار کرنے والے میجر معیزشہید کی نماز جنازہ ادا، فیلڈ مارشل بھی شریک

راولپنڈی:چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم اپنے شہدا کے احسانات کا بدلہ کبھی نہیں چکا سکتے، ہمارے شہدا کا خون ہماری قومی قوت کی بنیاد ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابقابھنندن کو گرفتار کرنے والے شہید میجر سید معیز عباس کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کر دی گئی، انہوں نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران شہادت پائی۔

میجر معیز عباس کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی، نمازِ جنازہ میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ، اعلی عسکری و سول حکام، افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر سید معیز عباس شاہ نے دشمن کے خلاف دلیری سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کی یہ عظیم قربانی بہادری، ایثار اور حب الوطنی کی اعلی ترین روایتوں کی مظہر ہے۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ پوری قوم ان کی شہادت پر غمزدہ بھی ہے اور ان پر فخر بھی کرتی ہے۔