تہران /تل ابیب:ایران اور اسرائیل کے جانب سے ایک دوسرے کیخلاف حملوں کا سلسلہ جاری ہے ،اسرائیل نے اصفہان میں نیوکلیئر سائٹ کو نشانہ بنا یا ہے جبکہ ایران کے ایک اور جوہری سائنسدان کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے ،ایران کی جانب سے بھی صہیونی فوجی تنصیبات اور صنعتی مراکز پر جوابی حملے کئے گئے ہیں ،جس کے دوران کئی عمارتیں ملبے ڈھیر بن گئیں۔ ایران نے اسرائیل پر میزائل حملوں کی اٹھارہویں لہر چلا دی جس سے اسرائیل پھر لرز اٹھا، ایران نے ہفتہ کی صبح میزائلوں سے اسرائیل کی اہم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جن میں اسرائیلی فوجی مراکز، فضائی اڈے، دفاعی صنعتیں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز شامل ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے اصفہان میں نیوکلیئر سائٹ کونشانہ بنایا ۔
عرب ٹی وی کے مطابق ایک اسرائیلی اہلکار نے ایرانی دارالحکومت تہران کے قلب میں ایک جوہری سائنسدان کو مارنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ ایک ڈرون کے ذریعے کیا گیا، یہ سائنسدان ہتھیاروں کا ماہر تھا، ڈرون نے سائنسدان کو اس وقت نشانہ بنایا جب انہیں اپارٹمنٹ سے دارالحکومت میں کسی دوسرے گھر میں لے جایا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی دفاعی نظام نے حیفا، تل ابیب، جنوبی اسرائیل اور شمالی علاقوں میں میزائلوں کو روکنے کی کوشش کی، مقبوضہ بیت المقدس اور ایلات میں بھی سائرن کی آوازیں سنی گئیں جبکہ ایک میزائل حیفا کی بندرگاہ کے قریب آ کر گرا، 25 سے 30 کے درمیان میزائل اسرائیل کے مختلف جنوبی و شمالی علاقوں کی جانب داغے گئے۔
اسرائیلی ایمبولینس سروس نے تصدیق کی کہ اب تک 27 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے 3 کی حالت تشویش ناک ہے۔اسرائیلی ذرائع کے مطابق ایرانی حملوں کے نتیجے میں تل ابیب، نقب، حیفا اور ہولون میں شدید مادی نقصان ہوا ہے اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، ایک میزائل حیفا میں وزارتِ داخلہ کے ہیڈکوارٹر کے قریب آ گرا۔پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا کہ حملوں کی 18 ویں لہر میں انتہائی طویل اور وزنی میزائلوں سے مشترکہ حملہ کیا گیا۔ یہ حملہ اسرائیلی اہداف پر کیا گیا 18واں حملہ تھا، جس کا ہدف وسطی اسرائیل میں واقع فوجی تنصیبات اور آپریشنل معاونت کے مراکز تھے، جن میں بن گورین بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی شامل ہے۔
دریں اثنا ایران سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق قم میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے، یہ کئی منزلہ رہائشی عمارت ہے۔قم کے صوبائی انتظامیہ کے ہیڈ کوارٹر کے ترجمان مرتضی حیدری نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سلاریح محلے میں ایک عمارت کی چوتھی منزل کو نشانہ بنایا گیا۔ اصفہان کے جنوبی علاقے میں بھی رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جبکہ قم میں حملے میں دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوئے، ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے اور تہران کے مغرب اور مشرق میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔شرق اخبار کے مطابق کرج، قم اور اصفہان جیسے شہروں میں بھی فضائی دفاعی نظام کے فعال ہونے کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے اصفہان میں نیوکلیئر سائٹ کونشانہ بنایا ہے، تاہم اسرائیلی حملے کے نتیجے میں کسی خطرناک مواد کا کوئی اخراج نہیں ہورہا۔