مکہ مکرمہ: مناسک حج کی تیاریاں مکمل، دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگی ،رکن اعظم وقوف عرفہ جمعرات کو ادا کیا جائے گا۔عازمین وادی منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے۔جہاں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگی، عازمین وادیِ منیٰ کی عارضی خیمہ بستی میں رات قیام کریں گے۔
منیٰ اورعرفات میں انتظامات مکمل ہیں، منیٰ میں خیموں کے علاوہ دس منزلہ عمارت تعمیر کی گئی ہے، جہاں تیس ہزارعازمین قیام کرسکیں گے۔عازمین جمعرات 9 ذی الحجہ کو میدان عرفات جائیں گے، جہاں حج کارکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔میدان عرفات میں خطبہ حج سننے کے بعد نماز ظہر، عصر ملا کر اداکریں گے اور وقوف عرفات کے بعد حجاج کرام مغرب کے بعد میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچیں گے جہاں حجاج کرام مغرب اورعشا کی نمازیں ادا کریں گے۔
حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لئے کنکریاں اکٹھی کریں گے، 10ذی الحجہ کو نماز فجرکی ادائیگی کے بعد عازمین جمرات روانہ ہوجائیں گے۔ جمرات پر شیطان کوکنکریاں مارنے کے بعد حجاج قربانی کریں گے اور اس کے ساتھ ہی عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا۔جس کے بعد عازمین اپنا سر منڈوا کر احرام کھول کر عام لباس پہنیں گے جب کہ خواتین اپنے چوتھائی سر کے بالوں کا انگلی کی ایک پور برابر بال کٹوائیں گی۔
دس ذی الحجہ کوحجاج کرام طواف زیارت اورسعی کریں گے اورمنی لوٹ آئیں گے، 11 اور 12ذی الحجہ کو حجاج منی میں قیام اور رمی کریں گے۔12 ذی الحجہ کو مغرب سے قبل حجاج منی سے نکل جائیں گے اور وطن واپسی سے قبل طواف الوداع کریں گے۔سعودی وزارت اسلامی امور کے حکام نے خادم حرمین شریفین پروگرام کے تحت فریضہ حج کیلیے آنے والے فلسطینیوں کے دوسرے گروپ کا خیرمقدم کیا ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق شاہ سلمان نے اس سال 100سے زیادہ ملکوں کے دو ہزار 300افراد کو حج کے لیے مدعو کیا ہے اس میں ایک ہزار کا تعلق فلسطین سے ہے۔غزہ سے تعلق رکھنے والے 500فلسطینی عازمین کے دوسرے گروپ میں شہدا، قیدیوں اور زخمیوں کے اہل خانہ شامل ہیں۔ گزشتہ روز مغربی کنارے سے عازمین کا پہلا گروپ مملکت پہنچا تھا۔مملکت پہنچنے والے شاہی مہمانوں نے خادم حرمین شریفین پروگرام کے تحت فریضہ حج پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے فراہم کی جانے والی خدمات کی تعریف کی۔یاد رہے کہ ضیوف خادم حرمین شریفین برائے حج وعمرہ پروگرام کی نگرانی وزارت اسلامی امور کرتی ہے۔