Contact Lens

اندھیرے میں دیکھنے والے توانائی کے بغیر کام کرنے والے کانٹیکٹ لینس


سائنس دانوں نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایسے کانٹیکٹ لینس تیار کر لیے ہیں جنہیں پہن کر انسان اندھیرے میں بھی باآسانی دیکھ سکتا ہے۔ یہ لینس انفرا ریڈ ویژن کو استعمال کرتے ہیں اور انہیں کسی بھی بیرونی توانائی کے ذریعے کی ضرورت نہیں ہوتی، جو کہ انہیں روایتی نائٹ ویژن عینکوں سے منفرد بناتا ہے۔

تحقیق جرنل “سیل” (Cell) میں شائع ہوئی ہے، جس کے مطابق یہ لینس بیک وقت انفرا ریڈ اور عام روشنی دیکھنے کی صلاحیت فراہم کرتے ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو آپریشنز میں انقلابی تبدیلی لا سکتی ہے۔

چین کی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے مرکزی محقق، ٹیان شو نے بتایا کہ یہ پیش رفت ایسے آرام دہ اور پہننے کے قابل آلات کی راہ ہموار کرتی ہے جو انسانوں کو بہتر بینائی فراہم کر سکیں۔

یہ کانٹیکٹ لینسز نینو پارٹیکلز پر مشتمل ہوتے ہیں جو انفرا ریڈ روشنی کو جذب کرکے اسے ایسی طولِ موج (ویو لینتھ) میں تبدیل کر دیتے ہیں جو انسانی آنکھ کے لیے قابلِ دید ہو۔ یہ ذرات خاص طور پر نیئر-انفرا ریڈ (Near-Infrared) روشنی کو محسوس کرتے ہیں، جس کی ویو لینتھ 800 سے 1600 نینو میٹرز کے درمیان ہوتی ہے۔

یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں اندھیرے میں دیکھنے کی صلاحیتوں کو نئی سطح پر لے جا سکتی ہے، جس کا اطلاق نہ صرف سیکیورٹی اداروں میں بلکہ میڈیکل، ملٹری اور دیگر شعبوں میں بھی ممکن ہے۔