Apple Fornite

آئی فون صارفین کے لیے بری خبر

دنیا بھر میں مقبول گیم فورٹ نائٹ (Fortnite) کو جمعے کی صبح معمول کی سرور مرمت اور نئی اسٹار وارز تھیم اپ ڈیٹس کے لیے وقتی طور پر آف لائن کیا گیا، لیکن اب اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ یہ گیم آئی فون صارفین کے لیے شاید کبھی واپس نہ آئے۔

گیم بنانے والی کمپنی ایپک گیمز (Epic Games) کا کہنا ہے کہ ایپل کے ایپ اسٹور کے سخت قوانین اور دونوں کمپنیوں کے درمیان جاری تنازع کی وجہ سے فورٹ نائٹ کو ایپل ڈیوائسز پر دوبارہ دستیاب کرنا ممکن نہیں رہا۔

جہاں دیگر پلیٹ فارمز جیسے پلے اسٹیشن، ایکس باکس، اور پی سی پر یہ گیم جلد دوبارہ آن لائن ہو جائے گا، وہیں آئی فون صارفین کو ممکنہ طور پر اس مشہور گیم سے مکمل طور پر ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔

یہ تنازع کوئی نیا نہیں۔ 2020 میں ایپک نے ایپل کے پے منٹ سسٹم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آئی فون پر متبادل ادائیگی کا نظام متعارف کرایا تھا، جس کے بعد ایپل نے فورٹ نائٹ کو ایپ اسٹور سے ہٹا دیا۔ اس کے بعد دونوں کمپنیوں کے درمیان ایک قانونی جنگ چھڑ گئی جو کئی سال جاری رہی۔

2024 میں یورپی یونین کی جانب سے قانون سازی کے بعد ایپل کو متبادل ایپ اسٹورز کی اجازت دینا پڑی، جس کی بدولت فورٹ نائٹ ایک بار پھر آئی فون پر واپس آیا۔ تاہم، امریکا میں صورتحال مختلف رہی۔

حال ہی میں دونوں کمپنیوں کے درمیان جاری مقدمے کے ایک فیصلے کے بعد امید کی جا رہی تھی کہ فورٹ نائٹ جلد ہی امریکی ایپ اسٹور پر بھی دستیاب ہو جائے گا، اور ایپک گیمز نے دوبارہ گیم جمع کرانے کا عمل بھی شروع کر دیا تھا۔

مگر اب ایپک کا کہنا ہے کہ ایپل نے گیم کی واپسی قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں گیم ممکنہ طور پر دنیا بھر میں آئی فون پر آف لائن ہی رہے گا۔

یہ خبر آئی فون پر گیم کھیلنے والے لاکھوں صارفین کے لیے ایک مایوس کن جھٹکا ہے، جبکہ دیگر پلیٹ فارمز پر کھلاڑی معمول کے مطابق جلد ہی فورٹ نائٹ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔