PTA

غیر رجسٹرڈ اور کلون موبائل فونز کے ذریعے سائبر کرائمز اور مالی فراڈ میں اضافہ


پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ، کلون اور جعلی موبائل فونز کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے، جو نہ صرف سائبر جرائم بلکہ مالیاتی فراڈ کے لیے بھی استعمال ہو رہے ہیں۔

پی ٹی اے اور ایف آئی اے نے ان غیر قانونی موبائل فونز کے خلاف مشترکہ آپریشنز تیز کر دیے ہیں۔ پی ٹی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جعلی، کلون اور جے وی موبائل فونز کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے۔ ایسے فون قومی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق غیر رجسٹرڈ ڈیوائسز استعمال کرنے اور بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان افراد کو گرفتار کیا جائے گا، فون ضبط کیے جائیں گے، اور سائبر کرائم ایکٹ 2016 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کی خرید و فروخت کے بارے میں معلومات ہوں تو فوراً ایف آئی اے کو اطلاع دیں۔ ڈی آئی آر بی ایس (DIRBS) سسٹم سے رجسٹر نہ ہونے والی ڈیوائسز کو بلاک کر دیا جائے گا۔