ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

اسلام آباد،کراچی: محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کمزور مغربی ہوائوں کا سلسلہ گزشتہ رات ملک میں داخل ہوگیا جو 16مارچ تک رہے گا، جبکہ 12مارچ سے اس کی شدت میں اضافہ ہو گا۔

اس دوران اسلام آباد، مری، گلیات، پنجاب، کے پی، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔بلوچستان کے متعدد علاقوں میں 14 اور 15 مارچ کو بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب شہر قائد میں آئندہ24گھنٹوں کے دوران موسم شدیدگرم، خشک اور لوچلنے کاامکان ہے۔پی ڈی ایم اے مراسلے کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں جبکہ سیاح موسمی صورتحال اور سڑکوں کی بندش کے پیش نظر سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے پہلے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے تاہم صوبے کے متعدد اضلاع میں 12 سے لے کر 16مارچ تک بارش کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی رہے گی لیکن بارش کے امکانات نہیں۔

لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 17ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 27ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کے امکانات ہیں۔کراچی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور اتوارکی صبح سے ہی شہر میں حبس محسوس کیا گیا۔

شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں بالخصوص روزہ داروں کو اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔کراچی کااتوارکی صبح درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز بھی شہر قائد کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

گرم موسم کی شدت 12 مارچ تک برقرار رہنے کا امکان ہے ، جس کے بعد مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہو سکتا ہے، جس سے شہر میں 12 مارچ کے بعد درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔