رمضان کا پہلا جمعہ ، مساجد نمازیوں سے بھر گئیں، سیکورٹی سخت

لاہور : رمضان المبارک کے پہلے جمعتہ المبارک کے موقع پر پنجاب پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ،حساس قرار دی گئی تمام مساجد کے باہر سیکورٹی ہائی الرٹ رہی اور افسران پیٹرولنگ کرتے رہے ۔
رمضان المبارک کے پہلے جمعتہ المبارک کے موقع پر پنجاب پولیس کی طرف سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ، 36 ہزار سے زاید مساجد کی سیکورٹی کے لیے 75ہزار سے زاید پولیس افسران،اہلکار اوررضاکار تعینات رکھے گئے ۔ لاہور میں 5 ہزار سے زاید افسران اور اہلکار اوررضا کاروں نے سیکورٹی ڈیوٹی سر انجام دی ۔پولیس کی جانب سے اہم مساجد میں تھرو گیٹس نصب کئے گئے جبکہ مساجد آنے والے نمازیوں کی میٹل ڈٹیکٹرز کے ذریعے بھی تلاشی لی گئی ۔
دوسری جانب حساس قرار دی گئی اور مساجدکے باہر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور نمازیوں کو جامع تلاشی کے بعد مساجد کے اندر داخل ہونے کی اجازت دی گئی ۔ اس دوران پولیس افسران بھی مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف میں مسلسل پیٹرولنگ کرتے رہے ۔علاوہ ازیں رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر مساجد میں نمازیوں کے رش کی وجہ سے تل دھرنے کی جگہ باقی نہ رہی ،کئی مساجد میں اندرونی حصوں میں جگہ کم پڑ جانے کی وجہ سے نمازیوں نے مساجد کے باہر صفیں بچھا کر نماز ادا کی جس کی وجہ سے پولیس کو سکیورٹی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔