پی بی 45، پیپلز پارٹی کا امیدوار کامیاب، مخالفین کی درخواستیں مسترد

اسلام آباد:پی بی 45 میں مبینہ دھاندلی کے الزام میں پیپلز پارٹی کے فاتح امیدوار علی مدد جتک کے خلاف الیکشن کمیشن نے دو امیدواروں کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ان کی رکنیت بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی بی 45 میں ری پولنگ میں مبینہ دھاندلی کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے محفوظ شدہ فیصلہ سنادیا، الیکشن کمیشن نے جے یو آئی (ف) کے امیدوار میر محمد عثمان پیرکانی کی درخواست مسترد کردی۔

پی بی 45 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار علی مدد جتک کامیاب قرار پائے تھے ان کے خلاف نصراللہ بڑیچ کی درخواست بھی مسترد ہوگئی، الیکشن کمیشن نے دونوں درخواست گزاروں کو الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا کہ انتخابات کے نتائج مرتب کرنے میں بے ضابطگیوں سے متعلق متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے، انتخابی عذرداریوں سے متعلق الیکشن ٹریبیونلز موجود ہیں۔

امیدوار نصراللہ بڑیچ نے 15 جنوری کو 15 پولنگ اسٹیشن پر ری پولنگ کو کالعدم قرار دینے کی درخواست دی تھی اسی طرح عثمان پیرکانی نے پی بی 45 کے نتائج مرتب کرنے کے عمل کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔