مو لانا حامد الحق کی شہادت، جے یو آئی (س) کا جمعے کو یوم سیاہ منانے کا اعلان

لاہور : مو لانا حامد الحق کی شہادت، جے یو آئی (س) کا جمعے کو یوم سیاہ منانے کا اعلان، جمعیت علما اسلام ( س) پنجاب کے امیر پیر عبدالقدوس نقشبندی، ناظم اعلیٰ مولانا ایوب خان، سیکرٹری اطلاعات ومرکزی سالار مولانا قاری اعظم حسین ،ناظم اعلی لاہور مولانا طیب عثمانی، نائب امیر مولانا صلاح الدین ایوبی، قاری رحمت اللہ لاشاری، پیر اکبر ساقی ،مولانا عبیداللہ بھکر، مولانا عرفان شاکر ودیگر ذمہ داران نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مولانا حامد الحق کے قاتلوں کا گرفتار نہ ہونا انتہائی تشویش کا باعث ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت مولانا حامد الحق پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کر کے عدالت کے کٹہرے میں لائے اور انہیں سخت ترین سزا دے۔ جے یو آئی (س) مولانا حامد الحق کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر جمعہ کا دن یوم سیاہ کے طور پر منائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا حامد الحق کی شہادت ایک عظیم سانحہ ہے، جسے کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کی شہادت کے بعد کارکن ایک عظیم قائد اور رہنما سے محروم ہو گئے ہیں، جن کی کمی صدیوں تک پوری نہیں ہو سکتی۔ ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود خیبرپختونخوا حکومت قاتلوں کو گرفتار کرنے کی بجائے صرف تسلیاں دے رہی ہے۔ مولانا حامد الحق کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف جے یو آئی (س) جمعے کو ملک بھر میں احتجاج کرے گی اور اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائے گی۔