اسلام آباد:وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ شہباز حکومت کا ایک سال، استحکام، ترقی اور کامیابی کا سفرہے، آج مخالفین بھی ماننے پر مجبور ہیں کہ وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کو ایک مشکل دور سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے نمایاں اشاریوں میں افراط زر 38فیصد سے کم ہو کر 2.4فیصد پر آ گئی،شرح سود 22فیصد سے گھٹ کر 12فیصد ہو گئی، زرمبادلہ کے ذخائر 16 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے،ا سٹاک مارکیٹ 118,000 پوائنٹس عبور کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 1.2 ارب ڈالر ہوگیا، ترسیلات زر 30 ارب ڈالر سے بڑھ کر 35 ارب ڈالر تک پہنچیں،روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں سرمایہ کاری 9.1 ارب ڈالر تک جا پہنچی، آئی ایم ایف کا اعتماد بحال، عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے مثبت جائزہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب وزیرعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت کے سخت اور ضروری معاشی فیصلوں کے باعث ممکن ہوا، سمگلنگ کی روک تھام، کرپشن کے خلاف اقدامات، اور مالیاتی نظم و ضبط قائم ہوا، جس کی بدولت آج پاکستان میں کاروباری اعتماد بحال ہو چکا ہے۔ حکومت کے بروقت فیصلوں نے ملک کو بحران سے نکال کر ترقی کے سفر پر گامزن کر دیا۔