اسلام آباد: صرف ایک سال کے دوران 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی متحدہ عرب امارات کی ویزہ درخواستیں مسترد ہونے کا انکشاف ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات سے گزشتہ 16 ماہ کے دوران 10 ہزار 100 سے زائد پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا اس کے علاوہ سال 2024ء میں 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی ویزہ درخواستیں مسترد ہوئیں۔
وزارت خارجہ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات سے ستمبر 2023ء سے جنوری 2025ء تک ملک بدر کیے گئے پاکستانیوں کے اعداد و شمار میں خلیجی ملک سے گزشتہ 16 ماہ میں 10 ہزار 100 سے زائد پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا۔
اس عرصے کے دوران یو اے ای حکام نے 4 ہزار 740 سزا یافتہ پاکستانی قیدیوں کو ملک بدر کیا،یہ پاکستانی شہری متحدہ عرب امارات کی مختلف جیلوں میں سزا کاٹ چکے ہیں جب کہ ستمبر 2023ء سے جنوری 2025ء تک 5 ہزار 800 دیگر پاکستانی شہریوں کو مختلف جرائم کی بنیاد پر ملک بدر کیا گیا ۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے سال 2024ء میں 50 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کی ویزہ درخواستیں مسترد کی گئیں۔