کراچی:کراچی انتظامیہ نے ٹریفک پولیس کے تعاون سے ماہ رمضان میں ٹریفک روانی کو بہتر بنانے اور شہریوں کو افطار کے اوقات میں ٹریفک کے مسائل سے بچانے کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت رمضان میں ٹریفک روانی بہتر بنانے کے اقدامات کا جایزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی افضل زیدی سینئر ڈائریکٹر ٹریفک انجنئرنگ بیورو یوسف اقبال،چیئرمین آباد حسن بخشی اور ٹاؤن ایڈمنسٹریشنز بلدیہ عظمی اور کنٹونمنٹ بورڈز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنرز ماہ رمضان میں ٹریفک روانی بہتر بنانے اور عید کی خریداری کے متوقع رش کے پیش نظر مارکیٹوں میں پارکنگ انتظامات اور ٹریفک انتظامات کے جایزہ لینے کے لئے متعلقہ مارکیٹ ایسو سی ایشنز کے ساتھ اجلاس کر یں گے اور پارکنگ اورٹریفک روانی بہتر بنانے سمیت شہریوں کی مدد اور سہولت کے لئے ٹریفک پولیس اور ایسو سی ایشنز کے نمائندوں کے ساتھ مل کر انتظامات کریں گے۔