پاک ازبک عسکری قیادت کا دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر زور

راولپنڈی:جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساہر شمشاد مرزا اور ازبکستان کے نائب وزیر دفاع کمانڈر ایئر ڈیفنس فورسز میجر جنرل برخانوف احمد جمال نے پاک ازبک عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساہر شمشاد مرزا سے ازبکستان کے نائب وزیر دفاع کمانڈر ایئر ڈیفنس فورسز و ایئر فورس میجر جنرل برخانوف احمد جمال نے راولپنڈی میں ملاقات کی ، جس میں باہمی اسٹریٹجک دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں پاک ازبک عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ ازبک نائب وزیردفاع نے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز آمد پر ازبک کمانڈر کو تینوں مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس سے قبل نائب ازبک وزیر دفاع نے دورہ پاکستان کے موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، دونوں فضائی افواج کے سربراہوں نے باہمی دلچسپی امور اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں ازبکستان کی جانب سے پاکستان سے مزید مشاق طیارے خریدنے میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا گیا۔