کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خط پہنچ گئے اور پڑھ بھی لیے گئے۔کراچی میں مزار قائد کے باہر اسد قیصر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا خط لکھنا این آر او مانگنا نہیں، وہ اپنے لیے کوئی ریلیف نہیں مانگ رہے۔
بانی چیئرمین نے کہہ دیا کہ میں جیل سے باہر آنے والا آخری آدمی ہوں گا۔ سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، اقتدار کا لالچ نہیں، فی الحال صرف ان جماعتوں سے رابطہ کر رہے ہیں جو حکومت سے باہر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی نے ہمیں 22 سیٹیں دیں جو چھین لی گئیں، ہم سندھ کے پانی کے مسئلے پر عوام کے ساتھ ہیں۔
طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، قائد کے نظریہ کو آج بھول گئے ہیں۔ پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے یہ بھی کہا قائد نے کہا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کا بول بالا ہوگا، ہم قائداعظم کے نظریہ کی سیاست کرتے ہیں۔
اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے مینڈیٹ پر چور بیٹھے ہیں، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سندھ کی صورتحال انہوں نے خراب کی۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، کراچی میں اسٹریٹ کرائم ہے، کراچی کو کِرچی کِرچی کردیاگیا ہے۔
کراچی پاکستان کا دل ہے، مگر یہاں پی پی عوام پر ظلم کر رہی ہے۔سندھ کا پانی چوری کروا رہے ہیں۔ہم چاہتے ہیں عمران خان سمیت جتنے بھی ہمارے رہنما و رکر جیلوں میں قید ہیں انہیں فوری رہا کیا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما ایڈووکیٹ سردار لطیف کھوسہ نے کہاکہ اس وقت آئین کو کاغذ کا پرزہ بنا کر رکھ دیاگیا ہے۔ ملک میں حکمرانی کرنے کا حق صرف عوام کو حاصل ہے۔ اگراس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو آئین کے مطابق کام کرنا ہوگا تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہاکہ ہمیں قائدِ اعظم محمد علی جناح کے بتائے ہوئے اصولوں کو اپنانا ہوگا اور آئین پاکستان پر عمل کرنا ہوگا عوام کی حکمرانی پر یقین رکھنا ہوگا۔