ترقی میں بھارت کو پیچھے چھوڑ کر دکھائوں گا،وزیراعظم

ملتان/ڈیرہ غازی خان/ شادن لنڈ/اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم خون پسینہ بہا کر ملک کو عظیم بنائیں گے،ترقی پاکستان کا مقدر بن چکی،بھارت کو پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں، قرضوں کے ساتھ پاکستان ترقی نہیں کرے گا۔

چاروں صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے تاکہ ملک ترقی کرے ،دعا کریں کہ صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلے اور ملک ترقی کرے، ہمارے کسان فصلوں کی پیداوار بڑھائیںتاکہ ملک ترقی کرے۔وزیراعظم نے ان خیالات کااظہار ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب میں کیا۔

وزیر اعظم نے سرائیکی زبان میں بھی بات کی ۔وزیر اعظم نے کہا ڈیرہ غازی خان آکر دلی خوشی ہو رہی ہے، والہانہ اور پرتپاک استقبال پر ڈیرہ غازی خان کے عوام کا مشکور ہوں، ہم نے عوام کی ترقی کیلئے دن رات کام کیا، نواز شریف کا وژن صرف پاکستان کی ترقی ہے۔

وزیر اعظم نے راجن پور میں یونیورسٹی اور ڈی جی خان میں کینسر ہسپتال کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی 40 فیصد پر تھی، نواز شریف کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل تھا کہ وہ ملک کو بچائیں یا سیاست کو دیکھیں، لیکن انہوں نے سیاست قربان کرنے اور ملک کو بچانے کا فیصلہ کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب میں بیرون ملک جاتا ہوں تو میزبانوں کو محسوس ہوتا ہے کہ یہ پیسے مانگنے آئے ہیں، ایک شخص نے کہا تھا کہ شہباز شریف باہر جاتا ہے تو لوگ سمجھتے ہیں کہ قرضہ مانگنے گیا ہے، تو میں سوال کرتا ہوں کہ عمران خان کیا قرض بانٹنے جاتے تھے؟ ۔

شہباز شریف نے کہا کہ جب باہر جاتا ہوں تو دعا کرتا ہوں برادر ملک کے سربراہ یہ نہ سمجھیں کچھ مانگنے آیا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے جو مہنگائی 40 فیصد تھی، آج 2.4 فیصد پر آگئی ہے، کاروباری برادری کے لیے قرضوں پر جو شرح سود 22 فیصد تھی، وہ آج آدھی ہوگئی ہے، بجلی مزید سستی کرینگے۔

ملک ترقی کر رہا ہے، جس پر ہم اللہ پاک کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے صحت، تعلیم اور انڈسٹری کی ترقی کیلئے خادم اعلیٰ کی حیثیت سے کام کیا، عوام کو روزگار کی فراہمی کیلئے منصوبوں کے جال بچھائے، ساری عمر بھی آپ کی خدمت کرتا رہوں تو آپ کا احسان نہیں اتار سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جو فیصلہ کیا تھا کہ سیاست قربان کر دیں گے اور ملک بچالیں گے، میں سمجھتا ہوں کہ آج ہم اس دور میں پہنچ گئے ہیں جب ترقی کا آغاز ہو رہا ہے، ہم تمام صوبوں کے ساتھ ملکر ملک کی ترقی و خوش حالی کے لیے محنت کررہے ہیں اور آگے بھی سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں سے ہمیں خصوصی لگائو ہے، پہلے میاں نواز شریف اور میں نے آپ لوگوں کی خدمت کی، اب نواز شریف کی صاحبزادی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آپ لوگوں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔

مریم نواز پنجاب کے گھر گھر میں ادویات پہنچا رہی ہیں، مریم نواز ہر گھر کی دہلیز پر سہولیات پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں،2010ء کے سیلاب میں ہم نے جنوبی پنجاب میں دن رات کام کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ماضی میں جو بھی منصوبے دیے،ہم نے کوئی احسان نہیں کیا، عوام کا پیسہ عوام پر لگایا ہے۔

جنوبی پنجاب نے جس طرح ہماری پارٹی اور خاندان کا ساتھ دیا ہے، اگر ساری زندگی خدمت کرتے رہیں تو بھی احسان نہیں اتارسکتے، ہم عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ماضی میں اسلام آباد پر بڑھتے ہوئے حملوں نے بہت زیادہ نقصانات پیدا کیے کیونکہ ایک روزہ ہڑتال سے قوم کو اربوں کا نقصان پہنچا ہے۔ وزیر اعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مل کر وہ پاکستان کے دشمنوں کو شکست دیں گے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے اس علاقے کو 131 بلین روپے کا ترقیاتی پیکیج دیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت نے افراط زر کو کنٹرول کیا ، قومی مفادات حاصل کیے اور غریب عوام کو راحت فراہم کرکے آئی پی پی جیسے معاملات حل کیے۔ انہوں نے کہاکہ علاقے میں سڑکوں کی تعمیر سے خوشحالی کے دور کا آغاز ہوگا۔سردار جمال خان نے بھی اس موقع خطاب کیا۔

دریں اثنائوزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں کیس اسائنمنٹ اینڈ مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ایسا نظام متعارف کرایا ہے جس سے بدعنوانی کی نذر ہونے والا پیسہ دوبارہ خزانے میں آئے گا، بدعنوان عناصر سے ایک ایک پائی وصول کرکے عوامی فلاح پر خرچ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت سندھ ہائیکورٹ نے ایک دن میں 24 ارب کے کیسز کے فیصلے کیے ہیں، یہ رقم اب قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے ایسی مزید رقوم کو قومی خزانے میں واپس لایا جائے، ٹربیونلز، ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ میں کھربوں روپے کے مقدمات زیرِ التوا ہیں، واجب الادا ٹیکس کی ایک ایک پائی عوام کی امانت ہے۔