پاک بھارت ٹاکرا،جواری میدان میں آگئے(شاہ دوراں خان)

چیمپئنزٹرافی کے اہم ترین میچ میں اتوار کو پاک بھارت میچ سے قبل دنیا بھر کے جواری میدان میں آگئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے نیوزی لینڈ سے ہارنے کے بعد بکیوں کے نزدیک بھارت موسٹ فیورٹ ہے اور اس پراب تک کروڑوں کا سٹہ لگ چکا ہے۔

ایک غیر ملکی بکی نے بتایا کہ پاکستانی ٹیم چونکہ اس وقت کھلاڑیوں کی انجری اور کچھ غلط فیصلوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے اوربھارت کی جانب سے بنگلہ دیش کو ہرانے کے بعداس کا پلڑا بھاری ہے جس کے باعث اس کا ریٹ بھی بڑھ گیا ہے۔

بکی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے بارے میں بھی قبل از وقت کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ وہ اتوار کو کس حکمت عملی کیساتھ میدان میں اترے گی مگر ماہرین کی آراء کو دیکھتے ہوئے اب تک کی صورتحال میں بھارتی ٹیم پر اب تک کروڑوں کا سٹہ لگ چکا ہے۔

بکی کا مزید کہنا تھاکہ کھلاڑیوں کے حوالے سے بھارت کے روہت شرما،ویرات کوہلی اور شبھن گل پر بھی کروڑوں کا سٹہ کھیلا گیا ہے کہ وہ اتوار کے میچ میں بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔

بکی نے پاکستانی کھلاڑیوں کے حوالے سے بتایا کہ بابراعظم چونکہ اس وقت چیمپئنزٹرافی میں کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام نظر آئے ہیں توان پر اب تک کوئی خاص سٹہ نہیں لگ سکا مگرمحمدرضوان،خوشدل شاہ اورامام الحق کی اتوار کو اچھی کارکردگی دکھانے کی امید پر سٹہ باز سرگرم ہیں اور ان کا ریٹ بھی ہائی ہے۔

پاکستانی بائولرز میں شاہین شاہ آفریدی،حارث رئوف اور نسیم شاہ کے حوالے سے بکی ان پر رقم لگا رہے ہیں۔ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کے میچ میں ہار کی صورت میں پاکستان کے ٹورنامنٹ میں رہنے کیلئے ایک بارپھرکسی دوسری ٹیم کی ہار یا جیت کا آپشن کھل سکتا ہے جو پاکستانی ٹیم کیلئے اہم مرحلہ ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹے کے بڑے مراکزجوممبئی،دہلی،دوبئی میں ہیں وہاں پراس وقت عیدکی چاندرات کا سماں ہے اوربکیوں کے پاس کالز اورلوگوں کا ایک جم غفیر ہے جو اتوارکے میچ پرسٹہ لگا رہے ہیں۔