اسلام آباد:سینیٹر فیصل واوڈا کی یقین دہانی کے بعد پاکستان کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن نے غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کردیا۔
کسٹم ایجنٹس نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے لیے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
فیصل واوڈا نے کسٹم ایجنٹس سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے کہنے پر کسٹمز ایجنٹس نے ہڑتال ختم کردی ہے، کسٹم ایجنٹس کے توسط سے ماہانہ 400 ارب روپے مالیت کی کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگیاں ہوتی ہیں اس لیے ان کی ہڑتال سے ملک و معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے جس کے باعث مہنگائی بڑھنے کا بھی خدشہ ہے۔
فیصل واوڈا نے کسٹم ایجنٹس کو بدھ کے دن سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں طلب کیا ہے۔سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ کسٹمز ایجنٹس کا مسئلہ حل کریں گے۔ انہوں نے کسٹم ایجنٹس سے کرپٹ افسران کی فہرست مانگتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کا المیہ یہ ہے کہ چھوٹے چوروں کو پکڑلیا جاتا ہے اور بڑے چوروں کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری ٹائم کا شعبہ انتہائی اہم ہے اور یہ شعبہ پورا ملک کا قرضہ اتارنے کی صلاحیت رکھتا ہے، پورٹ قاسم پر اربوں روپے کی قبضے کی زمینوں کو ریکور کرائیں گے۔سینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا کہ چیخ چیخ کر بول رہا تھا ٹرمپ کے آنے سے کچھ نہیں ہوگا ویسے بھی پی ٹی آئی چاہتی ہے بانی عمران خان جیل میں رہیں۔
گرینڈ الائنس میں تمام گرینڈ پارٹیاں حکومت کے ساتھ ہیں کوئی گرینڈ الائنس یا ہنگامہ احتجاج نظر نہیں آرہا،ایک سمجھوتے کے تحت پی ٹی آئی والے بانی کو جیل میں رکھے ہوئے ہیں سیاستدان بے ایمان مکار فنکار اور چور ہیں۔