سپریم کورٹ بارنے بھی عدالتی اصلاحاتی عمل کی حمایت کردی

اسلام آباد:چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ بار کے وفد نے ملاقات کی جس میں عدالتی اصلاحات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی، ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ بار کے صدر میاں رؤف عطا کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

صدرسیریم کورٹ بار نے کہا کہ چیف جسٹس سے ملاقات ان کی وزیراعظم سے ملاقات کے تناظر میں کی گئی، چیف جسٹس انصاف کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کر رہے ہیں۔

رؤف عطا نے کہا کہ سپریم کورٹ بار نے اصلاحات کے عمل میں چیف جسٹس کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے، چیف جسٹس نے وزیراعظم کی طرح اپوزیشن سے فراہمی انصاف کے حوالے سے تجاویز طلب کی ہیں، انصاف کی فراہمی میں تعاون کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن رہنماؤں سے چیف جسٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان آج اپوزیشن کے وفد سے بھی ملاقات کریں گے،عدالتوں میں اصلاحات وقت کا تقاضا ہے، ملاقاتوں سے سیاسی استحکام اورعدلیہ پرعوامی اعتماد کی بحالی میں مدد ملے گی۔