مردان:سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ آٹھ فروری کی بدترین دھاندلی تاریکی تھی جس کی سیاہی اب بھی ملک پر چھائی ہے،دھاندلی کے ذریعے بننے والی حکومت کی عوام کی نظر میں کوئی حیثیت نہیں،تمہیں جعلی پارلیمان مبارک ہو ہم عوام کے حقیقی پارلیمنٹ کے ساتھ ہیں۔
ٹرمپ دنیا کا طاقتور نہیں احمق ترین شخص ہے،پچاس ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوئے ،اپنا وطن کسی نے نہیں چھوڑا،قرار داد مقاصد 1940ء کہتا ہے یہودی بستیاں ناجائز ہیں،اگر دینی مدارس آرڈیننس بل کو صوبوں سے منظور نہ کیا گیا تو تمام صوبائی دارالحکومتوں میں احتجاج کال دیں گے۔
مردان میںعوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ جمعیت علماء اسلام قوم کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ انہوںنے کہاکہ ہم اسی تسلسل میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو کہتاہے سعودی عرب میں فلسطینی آباد کریں گے، افغانستان، عراق اور شام سے لوگوں نے ہجرت کی مگر فلسطینی واحد قوم ہے کہ غزہ پر بمباری ہوئی مگر وہ ڈٹے رہے،50 ہزار سے زائد لوگ شہید ہوئے مگر مجاہدین ڈٹے رہے۔
انہوںنے کہاکہ دینی مدارس آرڈیننس کو صوبائی حکومتیں صوبوں میں فی الفور پاس کرائیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ جب تک میری طاقت زندہ ہے کسی کا باپ بھی قادنیت کو نہیں لاسکتا۔
بپھرے عوام سڑکوں پر آئیں گے تو جعلی ایوانوں میں زلزلہ برپا ہوگا۔اں کا مزید کہنا تھا کہ جنگ عظیم کے بعد یہودیوں نے مار کھائی، دربدر ہوگئے، قادیانیت یہودیوں کے پیداوار ہے، ہم نے اپنی جدوجہد نہیں چھوڑی، میدان میں رہیں گے، سڑکوں پر رہیں گے اور تمھارے ایوانوں تک پہنچیں گے۔
سربراہ جے یو آئی ( ف ) نے کہا کہ امریکا سے لے کرتمام دنیا مدارس ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے، آپ نے (مدارس کی) رجسٹریشن کے نام پر بینک اکاؤنٹ بند کرنے کی سازش کی، دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں، ہم اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ان کی حفاظت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں قلیل تعداد کے باوجود مدارس رجسٹریشن بل پاس کرانا جمعیت کا کارنامہ ہے۔ انہوںنے ملکی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری دن بدن بڑھتی جارہی ہے، لیکن جعلی حکومت مہنگائی میں کمی کی رٹ لگا کرعوام کی آنکھوں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے۔