کشمیر پر حکمرانوں نے مایوس کیا’ پاک فوج آگے بڑھے،حافظ نعیم

مظفر آباد:امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ایک بار پھر کشمیر کی تحریک منظم کرنے کی ضرورت ہے، کشمیریوں کی آزادی کیلئے متحدہ جدوجہد جاری رکھیں گے، ذمہ دار قوم ہیں کسی سے تصادم نہیں چاہتے۔حکمرانوں نے کشمیر پر مایوس کیا، یہ مسئلہ مذاکرات نہیں’ طاقت سے حل ہوگا، پاک فوج آگے بڑھے۔

ان خیالات کااظہار امیر جماعت اسلامی نے مظفر آبا دمیں کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم کشمیر کی آزادی کے لیے ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔مقبوضہ کشمیر میں مزید فوج تعینات کرنے کی بات کی جا رہی ہے، کشمیریوں کی آزادی کیلئے متحدہ جدوجہد جاری رکھیں گے، نریندر مودی کا زوال شروع ہو چکا ہے ، کشمیر کی آزادی ہندوستان کے حصے بخرے کرنے کا عنوان بنے گی ، پاکستان کے پچیس کروڑ پاکستانی عوام صبح آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ تحریک آزادی دراصل تحریک پاکستان کا تسلسل ہے، یہ تکمیل پاکستان کی تحریک ہے۔حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ گزشتہ عرصہ میں سیاست پر کنڑول رکھنے والوںنے مایوس کیا ہے، حکمرانوں کی کوتاہی کی وجہ سے کشمیری عوام مایوس نہ ہوں ہم پاکستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں۔ یہ جغرافیہ کی نہیں نظریے کی لڑائی ہے، بھارت سرینگر کے آزادی کے جذبے کو شکست نہیں دے سکتا۔یہ کھل کر کہنا چاہئے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کیا جارہا ہے۔پاک فوج آگے بڑھے، ہندوستان صرف جہاد کی زبان سمجھتا ہے کشمیر بزور شمیرآزاد ہو گا۔یہاں کے عوام کے مسائل حل کرنا پاکستان کی بھی ذمہ داری ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہندو توا کے ماننے والے کبھی مذاکرات سے مسئلہ حل نہیں کریں گے، غیرت مند لوگ آگے بڑھ کر بزور شمشیر آزادی حاصل کرتے ہیں۔ کشمیر کا یہ حصہ جہاد کے ذریعے آزاد کرایا تھا، مقبوضہ کشمیر بھی جہاد کے ذریعے ہی آزاد ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ تعلیم ہمارا حق ہے، خیرات نہیں چاہتے، روزگار، بجلی اور پانی کے مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر انوار الحق نے اپنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بیس کیمپ ایک مقصد کے لیے حاصل کیا گیا تھا کہ یہاں کے عوام پوری قوت سے مقبوضہ کشمیر کے لیے جہاد کریں گے ہمارے اصل سے کچھ عرصہ دور رکھاگیا۔یہ مسئلہ پوری قوم کا ہے آزاد خطے کے لوگ نہیں اٹھیں گے تو باقی کون آئے گا۔پہلے ہم خود اٹھیں گے تو پھر اور بھی ساتھ ملیں گے۔ فرشتے مدد کو تب اتریں گے جب ہم میدان میں اتریں گے۔ ہمیں عالمی قوانین یہ حق دیتے ہیں کہ ہم حربی طاقت استعمال کریں۔قبل ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران تحریک آزادی کشمیر کو تیز تر کرنے اور بیس کیمپ کی بحالی کیلئے مربوط حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر حریت قیادت، سیاسی رہنمائوں اور معززین نے بھی شرکت کی۔