کراچی ایڈمن سوسائٹی میں منہدم عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش برآمد، اموات 13 ہوگئیں

webdesk

November 28, 2026

کراچی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کا واقعہ

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی سے متصل ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے ایک اور شخص کی لاش نکال لی گئی، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی۔

ریسکیو 1122 نے آج امدادی کاموں کے دوران ملبے سے تین لاشیں نکالیں جن کی شناخت 26 سالہ وقاص، 17 سالہ محمد علی اور ایک کی نامعلوم سے ہوئی۔


ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے، ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری اور دیگر وسائل کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

حکام نے مزید بتایا کہ گر کر تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے سے اب تک مجموعی طور پر 13 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ 9 افراد اب بھی لاپتا اور 14 افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق ملبے تلے دبنے والے لاپتا افراد کی تلاش کے لیے جدید آلات کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے،جس میں انسانی جانوں کی حفاظت کے پیش نظر انتہائی احتیاط سے کام لیا جا رہا ہے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے نام

ایدھی حکام کے مطابق ملبے سے 22 سالہ محمد نوید، 23 سالہ فرحان، 17 سالہ ارسلان، 35 سالہ نجیب، 35 سالہ عابد، 18 سالہ بلال، 21 سالہ اللہ دتہ، 18 سالہ علی حسن، 23 سالہ وقاص، 18 سالہ صغیر، 27 سالہ حسیب اور 25 سالہ وقاص کے ناموں سے ہوئی۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں کے نام

ایدھی حکام کے مطابق زخمیوں کی شناخت نادر حسین، 22 سالہ احمد، 24 سالہ نوید، 22 سالہ روح اللہ، 22 سالہ عزیز الحق، 30 سالہ واصل خان، 26 سالہ عطا اللہ، 22 سالہ احسن، 38 سالہ محمد نقی، 35 سالہ لال خان، 25 سالہ بلال، 25 سالہ عادل، 25 سالہ نامعلوم کے نام سے ہوئی۔

واضح رہے کہ بلوچ کالونی سے متصل ایڈمن سوسائٹی میں عمارت منہدم ہونے کے بعد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ مزید افراد کی تلاش کے لیے کارروائیوں میں تیزی لائی جا رہی ہے۔