سویرا ثاقب
کبھی کبھی ہم اپنی بدگمانیوں کے ہاتھوں اُن لوگوں کو کھو دیتے ہیں جو قدرت کی طرف سے ہمارے لیے نعمت ہوتے ہیں۔
بات 2021ء کی ہے ،میں اپنے شوہر کے ساتھ ان کے ایک دوست کے ہاں دعوت پر گئی ،کافی طویل سفر طے کرنے کے بعد ہم وہاں پہنچے،کھانا کھایا تو تقریباً رات کے دس بج چکے تھے ،واپسی کا راستہ کافی ویران تھا، اس لیے میزبان بھائی نے ہم سے کہا کہ اگر مناسب سمجھیں تو آج رات ہمارے ہاں قیام کر لیجیے، صبح ناشتہ کرکے چلے جائیے گا۔میرے شوہر نے معذرت کرتے ہوئے رکنے سے انکار کر دیا، ان کی اہلیہ، جو میرے ساتھ دوسرے کمرے میں بیٹھی باتیں کر رہی تھیں، انہوں نے اپنے شوہر کو فون کیا اور کہا کہ مہمانوں کو آج رات روک لیا جائے ،لیکن میرے شوہر نے دوبارہ انکار کر دیا۔اس پر ان کے دوست کی اہلیہ نے کمرے کا دروازہ کھولا تاکہ ان کی آواز دوسرے کمرے تک پہنچ سکے اور بڑے مان اور اپنائیت سے کہا:
”میں بتا دوں آج آپ نہیں جا رہے ،آج آپ یہیں رکیں گے، صبح ناشتہ کرکے چلے جائیے گا ”۔
مجھے بڑی حیرت ہوئی ،میں نے سوچا کتنی عجیب خاتون ہیں۔ ابھی تو چند گھنٹے پہلے ملاقات ہوئی ہے، میرے شوہر ان کے لیے مکمل اجنبی ہیں اور یہ کس بے تکلفی اور اپنائیت سے بات کر رہی ہیں، جیسے برسوں سے جانتی ہوں۔خیر، ہم نے راستے کی ویرانی کا سوچا اور بالآخر وہاں رکنے کے لیے رضامند ہو گئے۔اس کے بعد وہ خاتون مجھے اور میرے بچوں کو گھر کے قریب ایک چھوٹے سے ریسٹورنٹ میں لے گئیں ۔وہاں بچوں کو برگر کھلائے، پھر آئس کریم منگوائی ،جب ہم واپس گھر پہنچے تو انہوں نے الماری سے کچھ نئے کھلونے نکال کر میرے بچوں کو دے دیے اور کہا:
”پھپھو کی طرف سے ایک چھوٹا سا تحفہ۔”
میں دل ہی دل میں سوچ رہی تھی کہ کیسی عجیب بندی ہیں ،دو تین گھنٹے پہلے ہماری ان سے ملاقات ہوئی ہے اور اب یہ میری نند بھی بن چکی ہیں۔ باتوں ہی باتوں میں انہوں نے مجھے اپنی زندگی کے بارے میں بتایا۔ کہنے لگیں کہ والدہ کے انتقال کے چند ہی دن بعد اُن کی شادی ان کے خالہ زاد سے ہو گئی، لیکن اس شادی پر ان کے بھائیوں کی رضامندی نہیں تھی، شادی کو دس سال گزر چکے ہیں، مگر بھائیوں نے آج تک نہ ان سے ملاقات کی تھی اور نہ کوئی رابطہ رکھا تھا۔ خالہ بھی دنیا سے رخصت ہوگئیں اور خاندان کے دوسرے لوگوں نے بھی ان کا خیال رکھنا اور بلانا چھوڑ دیا تھا۔ صبح انہوں نے بڑی اپنائیت سے ناشتہ تیار کیا اور محبت سے ہمیں رخصت کر دیا۔ اس ملاقات کو تقریباً پانچ سال گزر چکے ہیں ،چند روز قبل مجھے کھانا بناتے ہوئے اچانک ان کا خیال آیا،ان کی اپنائیت، محبت اور خلوص کی کشش نے مجھے یہ احساس دلایا کہ مجھے ان سے دوبارہ ملنا چاہیے۔
پھر میں سوچنے لگی کہ ہم انسان کتنے عجیب اور نادان ہوتے ہیں ،کوئی ہم سے محبت کرے تو ہم شک کرنے لگتے ہیں، کوئی اپنائیت سے بلائے تو ہم خوف زدہ ہو جاتے ہیں، کوئی خلوص سے پیش آئے تو ہمارے ذہن میں فوراً یہ خیال آتا ہے کہ ضرور اس کے پیچھے اس کی کوئی غرض ہوگی۔ ہم ہر محبت کے پیچھے کوئی نہ کوئی بدگمانی تلاش کر لیتے ہیں۔ کچھ لوگوں کو ہم سے پیسہ، وقت یا قیمتی تحائف نہیں چاہیے ہوتے ،وہ محبت کے بھوکے ہوتے ہیں ،انہیں رشتوں کی چھاؤں، قربت اور اپنائیت کی تلاش ہوتی ہے ۔وہ محبت اور قبولیت کے فاقوں سے ہلکان ہوتے ہیں ۔ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جنہیں کبھی کسی نے دل سے خوش آمدید نہیں کہا ہوتا، کسی نے یہ احساس نہیں دلایا ہوتا کہ ان کا ہونا بھی کتنی بڑی نعمت ہے۔
انسان کی تخلیق پر اگر غور کیا جائے تو اللہ تعالیٰ نے اسے ماں کے پیٹ میں سات پردوں کے اندر محفوظ رکھا ،وہیں اس کی خوراک، نشوونما اور زندگی کا انتظام کیا ۔پھر جب وہ اس دنیا میں آیا تو ماں کے پیٹ سے جس اپنائیت اور تحفظ کے احساس کو لے کر آیا تھا اللہ نے وہی محبت اور شفقت اس کی ماں کے دل میں ڈال کر اسے دنیا میں بھی تحفظ کا احساس عطا کیا۔لیکن جیسے جیسے زندگی کے حالات بدلتے ہیں، حادثات کچھ لوگوں سے ان کے رشتے چھین لیتے ہیں ،کبھی اپنوں کی بے رخی، کبھی حالات کی ستم ظریفیاں اور کبھی وقت کی گردش انسان کو ان رشتوں سے دور کر دیتی ہے جن سے اسے محبت اور تحفظ کا احساس ملنا تھا۔ مخلوق کے ساتھ محبت اور اپنائیت ہی وہ خوبصورت ذریعہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنے خالق کی رضا حاصل کر سکتے ہیں۔ ذرا سوچیے، کیا فرق پڑ جائے گا اگر ہم اپنے دل اور اپنے گھر کے کسی کونے میں دل شکستہ لوگوں کے لیے ایک چھوٹا سا مہمان خانہ کھول دیں؟ ایک ایسا مہمان خانہ جہاں کسی کو اپنی حیثیت ثابت نہ کرنی پڑے، جہاں کسی کو اپنا آپ منوانے یا اپنے دکھ چھپانے کی ضرورت محسوس نہ ہو، جہاں کسی کا استقبال اس کے لباس، دولت، خاندان یا سماجی مرتبے کی بنیاد پر نہیں بلکہ صرف انسان ہونے کی حیثیت سے کیا جائے۔
دین ہمیں یہی تو سکھاتا ہے کہ اپنے خالق اور اس کی مخلوق کے ساتھ محبت۔ مسلمان تو آپس میں بھائی بھائی ہیں ،اس لیے رشتوں کو حسب و نسب اور خون کے رشتوں تک محدود مت رکھیے ،ہر انسان کے ساتھ خیرخواہی، محبت، احترام، بھائی چارے اور حسنِ سلوک کا معاملہ کیجیے۔ کیا معلوم آپ کا کون سا عمل کسی کے دل میں زندگی کی اُمید جگا دے؟ کیا معلوم آپ کی ایک مسکراہٹ، ایک محبت بھرا جملہ یا چند لمحوں کی توجہ کسی کی زندگی کا خوبصورت ترین لمحہ بن جائے؟ اور کیا معلوم یہی چھوٹی سی نیکی آپ کے لیے اللہ کی بارگاہ میں نجات کا ذریعہ بن جائے؟ آج ہمارے معاشرے میں ڈپریشن، اینزائٹی اور ذہنی دباؤ جیسے مسائل بڑھنے کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ ہم اپنے اردگرد بکھرے ہوئے انسانوں سے غافل ہوچکے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے اخلاق اور رویوں پر کام کریں، اپنے اندر برداشت، محبت، خلوص اور دوسروں کو قبول کرنے کا حوصلہ پیدا کریں۔ دنیا میں ہر شخص کوئی نہ کوئی جنگ لڑ رہا ہے؛ کوئی حالات سے لڑ رہا ہے، کوئی محرومیوں سے، کوئی تنہائی سے اور کوئی اپنی ہی ذات سے بیزار ہے۔ ہمیں نہیں معلوم کہ ہمارے سامنے مسکرانے والا انسان اندر سے کتنی بار ٹوٹ چکا ہے، کتنی بار اپنے دکھ چھپا چکا ہے اور کتنی بار کسی کے محبت بھرے رویے کا منتظر رہا ہے۔ اس لیے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کیجیے، ان کے لیے اپنے دل اور گھر کے دروازے کھلے رکھیے۔ کیا معلوم آپ کا ایک محبت بھرا رویہ کسی ایسے انسان کے لیے زندگی بھر کا سرمایہ بن جائے جسے مدتوں سے صرف اپنائیت کی تلاش رہی۔



