اسرائیلی انتخابات میں عرب کنگ میکر

webdesk

October 20, 2026

تحزیہ کار عرب اُمور : علی ہلال
27 اکتوبر کو اسرائیل میں عام انتخابات منعقد ہورہے ہیں ۔ جس کی مہم جاری ہے۔ عرب جماعتوں کے دو اتحاد بھی اس انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ برطانوی اخبار کے بجائے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ’’اسرائیلی انتخابات میں عرب کنگ میکر، جو یہودیوں کے ساتھ شراکت داری چاہتا ہے‘‘ کے عنوان سے ایک رپورٹ شائع کی ہے، جس میں اسرائیل کے اندر رہنے والے فلسطینی عربوں کے سیاستدان منصور عباس کے کردار کا جائزہ لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیل میں رہنے والے عربعوں کی ابادی 21 لاکھ ہے۔جو اسرائیل کی مجموعی ابادی کے 20 فیصد ہیں۔ اسرائیلی عربوں کو عرب اڑتالیس،عرب الداخل زعرب الخط الاخضر اور اس طرح کے دیگر کئی ناموں کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے۔
یہ وہ عرب ہیں جو 1948ء میں یہودی ملیشیا ہاگانا کے ظلم وستم کے باوجود بھی اندر رہ گئے تھے اور اپنی اراضی خالی کرنے سے انکار کیا تھا۔ اگرچہ انہیں ان کے آبائی علاقوں میں رہنے نہیں دیا گیا اور انہیں نقل مکانی کرنی پڑی تھی تاہم فلسطین سے نکلنے والے دیگر فلسطینیوں کی طرح کیمپوں میں انہیں جانا نہیں پڑا۔ اس وقت عرب اڑتالیس انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ جن میں کئی پارٹیاں ان کی نمائندگی کررہی ہیں۔ برطانوی جریدے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی سیاست میں انتہا پسندی بڑھ رہی ہے، جبکہ فلسطینیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی مفاہمت کے امکانات محدود ہوتے جا رہے ہیں۔ ایسے حالات میں منصور عباس ایک اہم انتخابی معرکے میں مصروف ہیں، جس پر اسرائیلی پارلیمان (کنیسٹ) کی نظریں مرکوز ہیں۔
عباس کا مقصد 1948ء کے مقبوضہ فلسطین میں رہنے والے فلسطینیوں کی انتخابی قوت کو حقیقی سیاسی اثر و رسوخ میں تبدیل کرنا ہے، تاکہ انہیں فیصلہ سازی کے مراکز میں مؤثر کردار حاصل ہو سکے۔ ان کی نظریں رواں ماہ 27 اکتوبر کو ہونے والے کنیسٹ کے انتخابات پر مرکوز ہیں۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے متحدہ عرب الائنس (رعم) کے سربراہ منصور عباس کو اپنی انتخابی مہم کا ایک اہم موضوع بنا رکھا ہے۔ وہ یہودی ووٹروں کو خبردار کر رہے ہیں کہ اگر ان کی حکومت کو اقتدار سے ہٹایا گیا تو اس کے نتیجے میں اس عرب سیاست دان کو فیصلہ کن اثر و رسوخ حاصل ہو سکتا ہے، جو بالآخر فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔اس کے برعکس منصور عباس کا انتخابی ایجنڈا اسرائیل کے اندر آباد فلسطینیوں کے مفادات اور روزمرہ مسائل پر مرکوز ہے، جو مجموعی آبادی کا تقریباً 20 فیصد ہیں۔ یہ آبادی پُرتشدد جرائم اور امتیازی رہائشی پالیسیوں کے سنگین اثرات سے دوچار ہے۔رپورٹ کے مطابق اس انتخابی معرکے کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہو گئی ہے، کیونکہ نیتن یاہو کے مخالفین انہیں اقتدار سے ہٹانے کے لیے حکومت سازی کی خاطر منصور عباس کی حمایت حاصل کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔ اس صورتِ حال میں ایک ایسی اسلامی جماعت کے سربراہ کو غیر معمولی سیاسی اہمیت حاصل ہو جائے گی جو سماجی معاملات میں ایسے نظریات پر یقین رکھتے ہیں جنہیں اسرائیلی اور مغربی میڈیا قدامت پسندانہ نظریات سے موسوم کرتا ہے، اگرچہ اس کے اور لبرل رجحانات رکھنے والی حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے درمیان نظریاتی اختلافات پائے جاتے ہیں۔
منصور عباس کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد محض اس حکومت کو اقتدار سے ہٹانا نہیں، جسے وہ ’’نسل پرست اور فاشسٹ‘‘ قرار دیتے ہیں، بلکہ وہ ایک ایسی سیاسی صورتِ حال تشکیل دینا چاہتے ہیں جس میں عرب اقلیت عوامی پالیسیوں پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھنے والی ایک فعال شراکت دار بن سکے۔
رپورٹ کے مطابق سیاست ابتدا میں منصور عباس کی ترجیح نہیں تھی۔ وہ الجلیل کے شہر المغار میں پروان چڑھے، جہاں وہ اپنے والد کی شخصیت سے متاثر ہوئے، جو لوگوں کے درمیان تنازعات حل کرانے اور صلح صفائی کرانے کے حوالے سے معروف تھے۔
ان کے والد کی یہ روایت عملی طور پر اس وقت سامنے آئی جب منصور عباس نے اپنے آبائی شہر میں دروز اور مسیحی برادریوں کے درمیان شدید تنازع پیدا ہونے کے بعد اپنا کلینک پورے ایک ماہ کے لیے بند کر دیا۔ اس دوران انہوں نے جنگ بندی، کشیدگی کے خاتمے اور تباہ شدہ گھروں کی دوبارہ تعمیر کے لیے کوششیں کیں۔ تاہم عباس اس نتیجے پر پہنچے کہ وسیع پیمانے پر بنیادی تبدیلی لانے کے لیے کنیسٹ کی سیاست میں حصہ لینا ضروری ہے۔ چنانچہ 2019ء سے انہوں نے پارلیمانی سیاست میں سرگرم کردار ادا کرنا شروع کیا، تاکہ عرب آبادی کو درپیش سنگین مسائل، بالخصوص منظم جرائم، قتل و غارت گری اور بھتہ خوری کے خلاف آواز اٹھا سکیں۔
عباس کی سیاسی حکمتِ عملی میں 2021ء کے دوران ایک بڑی تبدیلی آئی، جب انہوں نے نیتن یاہو کی حکومت کی حمایت کے لیے مذاکرات کیے، لیکن بعد ازاں ان کے مخالفین کی حمایت کی، جس سے نیتن یاہو کو اقتدار سے ہٹانے میں مدد ملی۔ اسرائیلی حکومت کے اتحاد میں کسی عرب اسلامی جماعت کی شمولیت کے حوالے سے یہ ایک غیر معمولی پیش رفت تھی۔تاہم 2022ء میں نیتن یاہو کی انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں پر مشتمل حکومت دوبارہ اقتدار میں آ گئی۔ اس کے بعد 7 اکتوبر 2023ء کے واقعات نے منصور عباس کے لیے چیلنجز مزید بڑھا دیے۔عباس نے حملے کے فوراً بعد اس کی مذمت کی اور غزہ کے نواحی علاقوں سے بے گھر ہونے والے اسرائیلیوں کی امداد میں بھی کردار ادا کیا۔ انہوں نے تشدد کو مسترد کرتے ہوئے اس تاثر کو زائل کرنے کی کوشش کی کہ عرب ایک سکیورٹی خطرہ ہیں۔ تاہم اس کے باوجود بھی منصور عباس کو اسرائیلی دائیں بازو کی جانب سے مسلسل تنقید اور حملوں کا سامنا ہے۔ حزبِ اختلاف کا ایک حلقہ بھی دائیں بازو کے ووٹروں کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے ان سے فاصلہ رکھتا ہے۔ دوسری طرف بعض عرب جماعتیں اسرائیلی حکومتوں میں شمولیت کو ناقابلِ قبول سیاسی رعایت سمجھتی ہیں۔
عباس کو اس بات پر بھی تنقید کا سامنا ہے کہ وہ مغربی کنارے اور غزہ کی صورتِ حال پر سخت مؤقف اختیار کرنے میں محتاط رہے ہیں اور ہزاروں افراد کی جان لینے والی جنگ کے خلاف بھی انہوں نے کھل کر آواز نہیں اٹھائی۔عرب معاشرے میں اس معاملے پر اختلاف پایا جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق عرب ووٹروں کی جانب سے وسیع پیمانے پر مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ منصور عباس آئندہ حکومت میں شامل ہوں، تاکہ قتل و غارت گری کے واقعات پر قابو پایا جا سکے اور خاندانوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔خیال رہے کہ اسرائیل میں عرب علاقوں میں قتل وغارت اور عداوت ودشمنی کے واقعات بہت عام ہیں ۔ اسلحہ کلچر عروج پر ہے۔ اور جرائم کا بازار گرم ہے۔ جس کے خلاف آئے روز احتجاج بھی ہوتے ہیں۔ عربوں کا خیال ہے کہ ان جرائم اور اسلحہ کی بہتات کے پیچھے اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی شاباک کے ہاتھ ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی سیاست میں عرب جماعتیں 2015ء سے سرگرم ہیں۔ 2015ءمیں اسرائیل کے اندر متعدد عرب جماعتوں پر مشتمل ’’عرب مشترکہ فہرست‘‘ کا قیام عرب سیاسی جدوجہد میں اہم موڑ ثابت ہوا۔ چار بڑی عرب جماعتوں نے انتخابی حدِ نصاب 3.25 فیصد کیے جانے کے بعد اپنے ووٹ ضائع ہونے سے بچانے اور کنیسٹ میں نمائندگی برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ انتخابی فہرست تشکیل دی۔اس اتحاد میں کمیونسٹ، عرب قوم پرست اور اسلامی نظریات کی حامل جماعتیں شامل تھیں۔ ان پارٹیوں میں جمہوری محاذ برائے امن و مساوات (حداش)، عرب تحریک برائے تبدیلی (تعال)، قومی جمہوری اسمبلی (بلد) اور متحدہ عرب فہرست (رعم) شامل تھیں۔ عرب اتحاد کے نمایاں رہنماؤں میں احمد الطیبی، منصور عباس، یوسف جبارین اور سامی ابو شحادہ شامل رہے، جنہوں نے عرب شہریوں کے حقوق، مساوات، تعلیم، منصوبہ بندی اور قومی مسائل کو اسرائیلی پارلیمان میں اجاگر کیا۔ مشترکہ فہرست نے 2020ء کے انتخابات میں 15 نشستیں حاصل کرکے تاریخی کامیابی حاصل کی اور کنیسٹ کا تیسرا بڑا پارلیمانی دھڑا بن گئی۔ اس کامیابی کو اسرائیل کی جدید سیاسی تاریخ میں عرب نمائندگی کی بلند ترین سطح قرار دیا گیا۔اس اتحاد نے عرب ووٹروں کو متحرک کرنے اور جرائم، تشدد، رہائشی منصوبہ بندی اور سرکاری بجٹ میں عرب آبادی کے حصے جیسے مسائل کو اسرائیلی سیاست میں نمایاں کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
عرب جماعتوں کے درمیان اسرائیلی حکومتوں سے تعلقات اور سیاسی حکمتِ عملی پر اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ بالآخر منصور عباس کی قیادت میں متحدہ عرب فہرست (رعم) نے 2021ء میں اتحاد سے علیحدگی اختیار کرکے الگ انتخابات لڑنے اور اسرائیلی حکومت میں براہِ راست شمولیت کی حکمتِ عملی اپنائی، جبکہ دیگر جماعتیں حزبِ اختلاف میں رہیں۔رپورٹ کے مطابق 2026ء میں ہداش، تعال اور بلد نے مشترکہ فہرست کو نئی شکل میں بحال کیا، جبکہ منصور عباس کی جماعت رعم اس اتحاد سے باہر رہی۔