اُس کا نام ہیلن کیلر تھا، وہ 27 جون 1880 ء کو امریکی ریاست البانا میں پیدا ہوئی اور دنیا کو حیران کر گئی۔ پیدائش کے وقت وہ نارمل اور صحت مندبچی تھی، ڈیڑھ سال کی عمر میں وہ بیمار ہوئی اور یہ بیماری اس کی بصارت و سماعت دونوں کو ساتھ لے گئی۔ یہ ہیلن کے لیے بہت بڑا صدمہ تھا اور اس صدمے نے اسے ابنارمل بنا دیا، وہ چھوٹی چھوٹی بات پر غصہ ہو جاتی، کچن کے برتن توڑ دیتی، بڑو ں سے بدتمیزی کرتی، کوئی مذاق کرتا تو چڑ جاتی اور بیٹھے بیٹھے رونا شروع کر دیتی۔ ہیلن کے والدین کے لیے یہ صورتحال تکلیف دہ تھی، انہوں نے ہیلن کی مدد کے لیے اس کی تعلیم کا بندو بست کرنا شروع کر دیا۔ انیسویں صدی میں امریکا میں نابینا بچوں کی تعلیم کا کوئی رواج نہیں تھا اور معذور بچوں کو گھروں میں ہی قید رکھا جاتا تھا۔ ایک ڈاکٹر دوست نے ہیلن کے والد کو الیگزینڈر گراہم بیل کے پاس جانے کا مشورہ دیا، گراہم بیل ٹیلی فون کے موجدہونے کی وجہ سے مشہور ہو چکے تھے، اسے نابینا اور معذور بچوں سے بہت زیادہ ہمدردی تھی اور اس کی وجہ یہ تھی کہ خود اس کی ماں اور بیوی سماعت سے محروم تھیں۔ گراہم بیل نے ہیلن کے والد کو مشورہ دیا کہ وہ پرکنس انسٹی ٹیوٹ فار بلائنڈ کے سرپرست کو خط لکھ کر ٹیوٹر کی درخواست کریں۔ درخواست منظور کر لی گئی اور یوں ہیلن کی زندگی کا سفر ایک نئے انداز سے شروع ہوا۔
مارچ 1887 ء میں ہیلن کے گھر معمول سے زیادہ گہما گہمی تھی، سب لوگ بہت خوش اور پرجوش نظر آ رہے تھے اور باورچی خانے سے مزے دار کھانوں کی خوشبوئیں آرہی تھیں۔ ہیلن کو لگا شاید گھر میں کوئی خاص مہمان تشریف لارہا ہے۔ تھوڑی دیر بعد گھر کا دروازہ کھٹکا، یہ مس اینی سیلیون تھیں جو پرکنس انسٹی ٹیوٹ فار بلائنڈ کی طرف سے ہیلن کو پڑھانے آئی تھیں۔ مس اینی سیلیون نے ہیلن کو پڑھانا شروع کیا تو اسے اندازہ ہوا کہ بے جا ہمدردی اور محبت کی وجہ سے ہیلن ضد، غصہ اور بدتمیزی کی عادی ہوچکی ہے۔ اس نے والدین سے درخواست کی کہ اسے ہیلن کیلر کے ساتھ کسی الگ مقام پر رہنے دیا جائے۔ والدین نے اپنے بڑے مکان کا ایک حصہ اینی اور ہیلن کے لیے وقف کردیا اور ہیلن کے سیکھنے کا عمل شروع ہوگیا۔
ایک دن ہیلن اپنی ٹیچر مس اینی کے ساتھ چہل قدمی کررہی تھی، چہل قدمی کرتے ہوئے وہ ہینڈ پمپ کے قریب سے گزریں تو اینی نے ہیلن کا ہاتھ ہینڈ پمپ سے نکلتے ہوئے پانی پر رکھ دیا، ساتھ ہی اینی نے اس کے دوسرے ہاتھ پر لفظ واٹر کے ہجے لکھنا شروع کردیے۔ ہیلن کو پہلی بار معلوم ہوا کہ پانی ایک ٹھنڈی بہتی ہوئی شے کا نام ہے اور ہر شے کا ایک نام ہوتا ہے۔ یہ دن ہیلن کے لیے یاد گار دن تھا۔ اس کے بعد اس نے اپنے والدین اور بہن بھائیوں کے ناموں کے ہجے کیے، اب وہ مختلف چیزوں کے ناموں کو جان سکتی تھی اور بتا سکتی تھی کہ یہ کیا ہے۔ ایک ماہ کے اندر ہیلن نے کئی سو الفاظ سیکھ لئے تھے۔ اب وہ ہر چیز کا نام جاننا چاہتی تھی۔ وہ روز اینی کے ساتھ باہر چہل قدمی کے لیے جاتی، جہاں اینی اُسے مٹی، پہاڑ، دریا اور براعظم کی شکلیں بنا کر اسے محسوس کرواتی، درختوں اور پھولوں کے نام بتاتی اور پودوں کا بڑھنا اور چڑیوں کا گھونسلا بننا سکھاتی۔ ہیلن نے ہاتھ میں مرغی کا انڈا پکڑ کر چوزے کا نکلنا محسوس کیا اور ہتھیلی میں پانی لے کر مینڈک کے بچوں کا اپنی انگلی کی مدد سے تیرنے کا تجربہ کیا۔ ہاتھ کے اشاروں کی مدد سے یہ سب کچھ سیکھنے کے بعد مس اینی نے ہیلن کو پرکنسن ادارے کے ابھرے ہوئے حروف کی کتابیں پڑھانا شروع کردیں۔ اس کے بعد ہیلن کو بریل طریقہ تعلیم یعنی ابھرے ہوئے لفظوں کی مدد سے پڑھنے کا طریقہ بتایا اور ہیلن نے جلد ہی ان سب چیزوں کو سیکھ لیا۔ اینی نے محسوس کیاکہ اب ہیلن کو باقاعدہ پرکنسن اسکول جانا چاہیے۔ مئی 1888 ء میں ہیلن کو پرکنس اسکول میں داخل کر وا دیا گیا۔ یہاںوہ دوسرے بچوں کے ساتھ ہاتھ کی انگلیوں کی مدد سے باتیں کرتی اور فارغ وقت میں لائبریری چلی جاتی جو اس وقت کی نابینا بچوں کے لئے قائم سب سے بڑی لائبریری تھی۔
ہیلن یہاں تین سال زیرتعلیم رہی اور ان تین سالوں میں اس نے دوسرے مضامین کے علاوہ لاطینی اور فرنچ زبانیں بھی سیکھ لیں۔ نو سال کی عمر میں ہیلن نے فیصلہ کیا کہ وہ اب بولنا سیکھے گی، اس کی ایک دوسری ٹیچر سارا فیلر نے ہیلن کو انگلیوں کی مدد سے ہونٹ، حلق کے ارتعاش، منہ اور زبان کے اتارچڑھاؤکو محسوس کرنا سکھایا، ہیلن نے صرف ایک گھنٹے میں چھ حروف اور دس ہفتوں میں جملہ ادا کرنا سیکھ لیا اور صرف تیرہ سال کی عمر میں ملک کے مختلف اخبارات میں اس کی کامیابی کی کہانیاں چھپنے لگیں۔ چودہ سال کی عمر میں اس کا داخلہ نیویارک کے سماعت سے محروم بچوں کے اسکول رائٹ ہیومیسن اسکول میں ہوگیا۔ سولہ سال کی عمر میں اس نے کالج جانے کا فیصلہ کرلیا، وہ بصارت سے محروم پہلی گریجویٹ اسٹوڈنٹ تھی۔ اسی سال اس کی زندگی کی کہانی اخبار میں قسط وارشائع ہونا شروع ہوئی جو 1904 ء میں دی اسٹوری آف مائی لائف کے نام سے کتابی شکل میں شائع ہوئی۔ کالج کی تعلیم کے بعد ہیلن نے اپنی زندگی دوسرے معذور اور نابینا بچوں کی زندگی بہتر بنانے کے لئے وقف کردی۔
وہ مختلف ممالک میں جاتی اور اپنی تقریروں اور تحریروں سے معذور لوگوں کو جینے کا گر سکھاتی۔ وہ دنیا کو بتانا چاہتی تھی کہ اگر معذور لوگوں کو موقع دیا جائے تو وہ بھی بھرپور اور کامیاب زندگی گزار سکتے ہیں۔ 1963 ء میں امریکی صدر نے اسے امریکا کا اعلیٰ اعزاز میڈل آف فریڈم دیا جو کسی بھی امریکی شہری کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ پوری دنیا آج بھی ہیلن کو سلام کرتی ہے۔ ہیلن کی وفات کے بعد اس پر فلمیں بھی بنیں اور ان فلموں نے بھی ایوارڈ حاصل کیے۔ ہیلن کیلر کا انتقال یکم جون 1968 ء کو کنیکٹی کٹ امریکا میں ہوا۔ انگریزی زبان کے عظیم ادیب مارک ٹیون نے ایک بار کہا تھا: ”انیسویں صدی کی سب سے دلچسپ شخصیات دو تھیں، ایک نپولین اور دوسری ہیلن کیلر۔”
ہیلن کیلر بالکل نابینا تھی مگر اس کے باوجود اس نے اتنی کتابیں پڑھی تھیں جتنی بہت سے آنکھوں والے بھی نہیں پڑھ سکتے، وہ سات کتابوں کی مصنف بھی تھی۔ اس نے اپنی زندگی پر ایک فلم بھی بنائی اور اس میں کام بھی خود ہی کیا۔ وہ بالکل بہری تھی لیکن وہ کانوں والوںسے زیادہ لطف اندوز ہوتی تھی، وہ اپنی زندگی کے ابتدائی نو برس قوت گویائی سے محروم رہی مگر اس کے باوجود اس نے امریکا کی ہر ریاست میں تقریریں کی ہیں، وہ پورے یورپ کا چکر بھی لگا چکی تھی۔ وہ نابینا اور سماعت سے محروم لوگوں کی مدد کیلئے 1956 ء میں پاکستان آئی، اس وقت ان کی عمر 76 برس تھی۔ وہ بڑھاپے کے باجود چاق و چوبند تھی۔ اُنہوں نے کراچی میں مختلف اجتماعات سے خطاب کیا اور نابینا اور سماعت سے محروم افراد کے اسکولوں میں بھی گئی۔ میں نے پچھلے دنوں ہیلن کیلر کی آٹو بائیوگرافی پڑھی اور پڑھنے کے بعد اس کے عزم، ہمت اور محنت کو سلام کرنے پر مجبور ہوگیا۔
یہ سچ ہے کہ دنیا صرف انہی لوگوں کو سلام کرتی اور یاد رکھتی ہے جو عزم، ہمت، محنت اور یقین کے ساتھ جیتے ہیں۔ بیسویں صدی میں لاکھوں کروڑوں صحت مند اور تندرست لوگ آئے اور چلے گئے، آج کوئی ان کا نام تک نہیں جانتا مگر ہیلن کیلر نابینا اور سماعت سے محروم ہونے کے باوجود تاریخ میں آج بھی زندہ ہے!
٭…٭…٭
