لاہور: بھارت میں دیوالی کی تقریبات کے دوران ہوئی آتش بازی اور دیگر سرگرمیوں سے پیدا ہوئی فضائی آلودگی سرحد پار کرکے پنجاب کے مختلف اضلاع تک پہنچ گئی، جس کے سبب لاہور سمیت کئی شہروں میں فضائی آلودگی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔
پنجاب انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) کے تجزیے میں سرحد پار سے آلودہ ہوا کی پنجاب میں آمد کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ ای پی اے کے 8 سے 10 نومبر کے تجزیے کے مطابق فضائی آلودگی کی نقل و حرکت، سیٹلائٹ مشاہدات اور صوبے کے ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت سے آنے والی آلودہ ہوا نے پنجاب میں ذراتی آلودگی (پی ایم 2.5) اور ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔
فضائی راستوں کے تجزیے کے مطابق 9 نومبر کو صبح 6 بجے 100 میٹر کی بلندی پر ہوا کی سمت اور نقل و حرکت کے جائزے سے معلوم ہوا کہ پنجاب کا تقریبا 50 فیصد علاقہ ایسی ہوا کی زد میں تھا جو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت سے آئی تھی، جبکہ صوبے کا 39 فیصد حصہ ایسی فضائی لہروں سے متاثر ہوا جو گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سرحد عبور کرکے پاکستان میں داخل ہوئیں۔
ای پی اے کی فارورڈ ٹریجیکٹری ماڈلنگ کے مطابق دیوالی کی رات بھارتی شہر امرتسر سے چلنے والی آلودہ ہوا تقریبا دو گھنٹے میں لاہور پہنچ سکتی تھی۔ اسی ہوا کو فیصل آباد پہنچنے میں تقریبا 12 گھنٹے جبکہ ملتان پہنچنے میں 11 گھنٹے لگنے کا تخمینہ لگایا گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرحد پار آلودگی کا اثر صرف سرحدی علاقوں تک محدود نہیں بلکہ پنجاب کے اندرونی شہروں تک بھی پہنچ سکتا ہے۔
