وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران اہم شعبوں کیلئے فنڈز کی منظوری دیدی گئی ہے ۔
ای سی سی کے اجلاس میں چھوٹے کاروبار اور کسانوں کو قرضوں کی فراہمی بڑھانے کی منظوری دیدی گئی ، مائیکرو فنانس اور نان بینکنگ اداروں کے ذریعے قرضوں تک رسائی بڑھائی جائے گی، سستے ہاؤسنگ فنانس کیلئے کریڈٹ گارنٹی اسکیم کا دائرہ بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے ،سمیڈا کیلئے 2 ارب روپے کی اضافی گرانٹ منظور کی گئی ہے ۔
وزارت خزانہ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے 11 ارب 32 کروڑ 90 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا عمل مکمل کرنے کیلئے فنڈز جاری ہوں گے،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کیلئے 8 ارب روپے کی گرانٹ منظور کر لی گئی، یہ فنڈز بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر خرچ کئے جائیں گے۔
تھرکوئلہ ریل رابطہ منصوبے کیلئے 10 ارب روپے کی گرانٹ جبکہ اسلام آباد اورسندھ، بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے59 کروڑ61 لاکھ روپے منظور کیئے گئے ہیں ۔
پنجاب،خیبرپختونخوا،اسلام آباد اور کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کیلئے2 ارب کے فوری اجرا کی منظوری دیدی گئی جبکہ بلدیاتی انتخابات کیلئے مجموعی طور پر 17 ارب 87 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔
