آئرلینڈ نے نیشنز لیگ کے ایک مقابلے میں اسرائیل کو 3-0 سے شکست دی جبکہ میچ کے دوران غزہ میں جاری جنگ کے خلاف آئرش کھلاڑیوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج بھی کیا۔
صرف یہی نہیں بلکہ ہنگری کے شہر ڈیبریسن کے تقریباً خالی سٹیڈیم میں جب اسرائیل کا قومی ترانہ بجایا گیا تو آئرلینڈ کے کھلاڑیوں نے سر جھکا لیے۔
دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل روایتی مصافحہ بھی نہیں کیا اور نہ ہی ایک دوسرے کو روایتی طور پر جھنڈے پیش کیے۔
ٹروئے پیراٹ نے 14ویں منٹ میں گول کرنے کے بعد ہاتھوں سے دل کا نشان بنایا، جبکہ جیک موائلن نے 25ویں منٹ میں آئرلینڈ کا تیسرا گول کرنے کے بعد اپنی جرسی پر موجود آئرش بیج اور سیاہ پٹی کو بوسہ دیا۔اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون سار نے کھلاڑیوں کے اقدامات پر آئرلینڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ ’تاریخ کے غلط رخ پر‘ کھڑا ہے۔
