صوبہ نورستان میں جھڑپ کا معاملہ، پاکستان نے طالبان حکومت کا دعویٰ مسترد کردیا

 پاکستان نے افغان صوبے نورستان سے متعلق افغان طالبان حکومت کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
اس حوالے سے وزارتِ اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ پاکستان کا نورستان یا افغانستان میں کسی بھی اندرونی جھڑپ سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کے ملوث ہونے کے دعوے من گھڑت ہیں، سابق افغان اہل کاروں کی بھرتی یا تربیت اور داعش سمیت کسی دہشت گرد گروہ کی سہولت کاری کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
وزارتِ اطلاعات نے کہا ہے کہ پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی قابلِ تصدیق ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ الزامات کے حق میں شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد فراہم نہیں کیے گئے۔ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش مبینہ ویڈیو پاکستان سے کسی تعلق کو ثابت نہیں کرتی۔ اقوام متحدہ کی مسلسل رپورٹس افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی نشاندہی کرتی ہیں۔