نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد کی جانب اپنے مجوزہ لانگ مارچ کو 27 ستمبر کے بجائے 5 اکتوبر تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم پارٹی نے لانگ مارچ ختم کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
نجی چینل جیو نے پی ٹی آئی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مارچ موخر کرنے کا فیصلہ جمعہ کو پشاور میں ہونے والے پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ مؤخر کرنے کا باضابطہ اعلان محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے لانگ مارچ ختم کرنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور تحریک انصاف کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت مذاکرات کا راستہ اختیار کرے تو لانگ مارچ کے بارے میں کوئی فیصلہ کیا جا سکتا ہے، تاہم فی الحال احتجاج کی تیاری جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ پرامن ہوگا اور اس میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے وفاقی حکومت پر الزام عائد کیا کہ کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے گئے ہیں، جو ان کے بقول عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی اپنے بانی عمران خان کی رہائی اور اپنے مؤقف کے مطابق آئین کی بالادستی کی بحالی کے مطالبات کے لیے اسلام آباد میں احتجاج اور لانگ مارچ کی تیاری کر رہی ہے۔
