معروف تحقیقاتی صحافی انصار عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو مبینہ طور پر مسجد میں نماز ادا کرنے جانے پر معطل کیا گیا ہے۔
انصار عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ مبینہ طور پر محمد رضوان کو مسجد میں نماز پڑھنے سے روکا گیا۔ ان کے مطابق اس موقع پر کچھ دیگر کرکٹرز بھی موجود تھے، جو روکنے پر رک گئے، تاہم محمد رضوان نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد چلے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ دعویٰ درست ہے تو وزیراعظم کو اس معاملے کی فوری انکوائری کرانی چاہیے اور یہ معلوم کیا جانا چاہیے کہ آخر وہ کون ہے جو کھلاڑیوں کو نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد جانے سے بھی روکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس خبر کے حوالے سے تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) یا محمد رضوان کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، اس لیے انصار عباسی کے دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
