مضمون: عاتکہ وقاص
کچھ رشتے خون سے قائم ہوتے ہیں، کچھ محبت سے اور کچھ ایمان سے، مگر رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے ہمارا تعلق وہ مقدس اور لازوال رشتہ ہے جو ہمارے ایمان کی بنیادوں میں شامل ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہمارے دل کی دھڑکن، ہماری روح کی روشنی اور ہمارے ایمان کی پہچان ہے۔ عقیدہ ختمِ نبوت ہمارے ایمان کا وہ روشن اور اٹل باب ہے جس کے مطابق حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور رسول ہیں۔ آپ علیہ السلام کے بعد قیامت تک کوئی نبی نہیں آئے گا۔
قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے، ترجمہ: ”محمد تمہارے مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں، لیکن وہ اللہ کے رسول اور آخری نبی ہیں، اور اللہ ہر چیز کو خوب جاننے والا ہے“۔ (الاحزاب) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی واضح فرمایا: ”میرے بعد کوئی نبی نہیں“۔ (صحیح بخاری)
اللہ تعالیٰ نے نبوت کا سلسلہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم پر مکمل فرما دیا اور آپ کے ذریعے دینِ اسلام کو قیامت تک کے لیے کامل ضابطہ حیات بنا دیا۔ یہی عقیدہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، ایمان کی سلامتی اور دینی شناخت کی بنیاد ہے۔ عقیدہ ختمِ نبوت سے سچی وابستگی کا تقاضا یہ ہے کہ ہم قرآن و سنت سے اپنا تعلق مضبوط کریں، سیرتِ طیبہ کا مطالعہ کریں اور اپنی زندگی کو رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق سنواریں۔ سچائی، عدل، امانت، والدین کا احترام، پڑوسیوں کا خیال، کمزوروں کی مدد اور تمام انسانوں سے محبت، یہ وہ روشن اُصول ہیں جن پر عمل کر کے ہم عشقِ رسول کا عملی ثبوت دے سکتے ہیں۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ نئی نسل کو عقیدہ ختمِ نبوت کا شعور، علم، حکمت، محبت اور دلیل کے ساتھ عطا کریں۔ محض نعروں سے محبت کا حق ادا نہیں ہوتا۔ حقیقی محبت کردار میں جھلکتی، عمل میں ظاہر ہوتی اور اخلاق سے پہچانی جاتی ہے۔ جب ہماری زندگی سنتِ رسول کا آئینہ بن جائے گی تب ہمارا ایمان بھی مضبوط ہوگا اور معاشرہ بھی امن، عدل اور خیر کا گہوارہ بنے گا۔
اللہ تعالیٰ ہمیں عقیدہ ختمِ نبوت پر ثابت قدم رکھے، عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی دولت عطا فرمائے، آپ علیہ السلام کی کامل اتباع نصیب کرے اور ہماری زندگیوں کو قرآن و سنت کی روشنی سے منور فرمائے۔ ختمِ نبوت محض ایک عقیدہ نہیں، ہمارے ایمان کی بنیاد، ہماری دینی شناخت اور ہماری روح کی آواز ہے۔ جب تک دنیا قائم ہے یہ عقیدہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا اور ہماری نسلیں اسے علم، عمل اور محبت کے ساتھ آگے بڑھاتی رہیں گی۔ ختمِ نبوت زندہ باد! عشقِ رسول پائندہ باد! صلی اللہ علیہ وسلم!
