کوہاٹ؛ پولیس لائنز میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا، 5 اہلکاروں سمیت 16افراد شہید

پشاور:خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پشاور روڈ پر پرانی پولیس لائن میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں اب تک 5 اہلکاروں سمیت 16افراد شہید ہوگئے۔ریسکیو 1122 کے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک 30 سے زائد زخمیوںکو ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔جائے وقوع پر جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں 14 ایمبولینسز، ریسکیو ویکلز، ریکوری وہیکل سمیت 45 سے زائد ریسکیو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

حکام نے کہا کہ پولیس لائنز کے احاطے میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا فتنہ الخوارج سے مقابلہ جاری ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد ایک خود کش حملہ آور نے سپیشل برانچ بلڈنگ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا، اب تک ایک دہشتگرد سنائپر مقابلے میں جہنم واصل ہوچکا ہے، آپریشن تاحال جاری ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق دھماکے میں 5پولیس اہلکار اور 16 سویلین شہید ہوئے ہیں۔

آئی جی پی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، خیبرپختونخوا پولیس کے حوصلے بلند ہیں، دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔