خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے خلیفہ گل نواز اسپتال میں آگ لگ گئی،خوش قسمتی سے آتشزدگی کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، آگ پر بروقت قابو پا لیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ بجلی میں اسپارکنگ ہوتے ہی فیسلٹی اور ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مریضوں کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ ساتھ ہی ریسکیو 1122 کو بھی فوری طور پر اطلاع دی گئی۔
عملے کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا اور صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ حالیہ پمز واقعے کے بعد ایم ٹی آئی بنوں کے عملے کو آتشزدگی سے نمٹنے، آگ بجھانے اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل کے حوالے سے خصوصی تربیت دی گئی تھی، جس کا عملی مظاہرہ آج کے واقعے میں دیکھنے کو ملا۔ عملے کی بروقت کارروائی ایک ممکنہ بڑے حادثے سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوئی۔
