اسلام آباد کے مدینہ ٹاؤن میں بارش کی وجہ سے مکانی کی چھت گرنے کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثہ بارش کے دوران پیش آیا ، میاں بیوی کو فوری طور پر زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
مرنے والوں کی عمریں 50 سے 60 سے درمیان تھیں، چھت گرنے سے ایک 18 سالہ لڑکی بھی زخمی ہوئی جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ گھر کی چھت مٹی اور گارڈرز سے بنی ہوئی تھی۔ مسلسل بارش کے باعث چھت کمزور ہو گئی جس سے حادثہ پیش آیا۔
واضح رہے ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، بارش کے باعث راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہو چکا ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

