اپرکوہستان اسکینڈل،مزید2ملزمان گرفتار

کوہستان:اپر کوہستان اسکینڈل میں مزید دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔گرفتار ملزمان کو احتساب عدالت کے جج محمد حامد مغل کے سامنے پیش کیا گیا، دوران سماعت نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر حبیب اللہ بیگ اور تفتیشی افسر بھی موجود تھے۔

عدالت نے دونوں ملزمان کو تفتیش کے لیے سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔پراسیکیوٹر کے مطابق ملزمان اعجاز الحق سی اینڈ ڈبلیو کوہستان اپر کا ملازم ہے نیب کے وارنٹ پر9اگست کو گرفتار کیا گیا۔

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم نے اسکینڈل کے مرکزی ملزم قیصر اقبال کے ساتھ ملی بھگت کر کے بینک اکائونٹس سے ناجائز طور پر1.126 ارب روپے کیش نکلوا کر غبن کیے، ملزم محمد زبور پرائیویٹ ٹھیکیدار اور ایک نجی تعمیراتی کمپنی کا مالک ہے اس کو بھی9 اگست کو گرفتار کیا گیا۔

پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم نے داسو میں دو مختلف نجی بینکوں میں اپنے نام سے اکائونٹس کھول لیے تھے،ملزم نے غیر قانونی طور پر جاری کردہ ٹریژری چیکس کے ذریعے11 کروڑ 38 لاکھ روپے کی رقم قومی خزانے سے نکال کر اپنے اکائونٹس میں جمع کروائی، ملزمان سے تفتیش کی ضرورت ہے تاکہ اس گھنائونے فراڈ میں ملوث دیگر عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔