یکم ربیع الاول سے 4ممالک کے عمرہ زائرین کیلئے لازمی فوڈ وائوچر متعارف

ریاض:سعودی عرب نے پاکستان سمیت4ممالک کے عمرہ زائرین کیلئے یومیہ تقریباً20سعودی ریال مالیت کے لازمی نسک فوڈ وائوچر متعارف کرادیے۔

عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ، کھانے اور دیگر سہولیات کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر مربوط کیا جا رہا ہے اس سلسلے میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تقریباً10ہزار ریسٹورنٹس نسک ایپ سے منسلک کردیے گئے ہیں۔

ہر عمرہ زائر کو ویزا سے منسلک ایک منفرد کوڈ ملے گا جس سے منظور شدہ مقامات سے کھانا کھایا جاسکے گا۔رپورٹس کے مطابق اس اقدام کا مقصد عمرہ زائرین کو معیاری اور منظم کھانے کی سہولت فراہم کرنا،غیر رجسٹرڈ خدمات کی حوصلہ شکنی کرنا اور عمرہ انتظامات کو مزید بہتر بنانا ہے۔

پاکستان، بھارت، مصر اور بنگلا دیش کے عمرہ زائرین کیلئے نئی پالیسی کا اطلاق یکم ربیع الاول سے ہوگا۔ نئی پالیسی کے بعد عمرہ پیکیجز کی مجموعی لاگت میں اضافہ متوقع ہے جس کے باعث پاکستان سمیت مختلف ممالک کے ٹریول ایجنٹس اپنے پیکیجز اور نرخوں پر نظرثانی کررہے ہیں۔