بلاول بھٹو کا آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی دھاندلی کا الزام

مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی دھاندلی کا الزام عائد کردیا۔بلاول بھٹو زرداری نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن اب تک آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں ہماری شکایات پر کوئی کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے، اگر نوٹس لے لیا جاتا تو آج ہونے والے دوسرے مرحلے کے انتخابات کی ساکھ بحال ہوسکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی احتجاج کرنے اور دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے، ہم آج کے انتخابات میں بیلٹ بکس بھرنے اور ہمارے پولنگ ایجنٹس کو غیر قانونی طور پر پولنگ اسٹیشنوں سے نکالنے کے حوالے سے متعدد تحریری شکایات پہلے ہی جمع کرا چکے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امید ہے کہ الیکشن کمیشن فوری کارروائی کرے گا اور کم از کم دوسرے مرحلے کے انتخابات میں شفافیت اور انصاف کو یقینی بنائے گا۔