کراچی،حیدرآباد کے 20ارب کے پیکیج پر عملدرآمد شروع

کراچی:وزیراعظم کے کراچی اور حیدرآباد کے لیے20 ارب روپے کے پیکیج پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔

پاکستان انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈمنسٹری آف ہائوسنگ اینڈ ورکس گورنمنٹ آف پاکستان کے تحت کراچی میں504 اور حیدرآباد کی17 ترقیاتی اسکیموں کے ٹینڈر کھل گئے، حکومت یہ فنڈ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کی مد میں فراہم کررہی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے مطالبے پر سال24-2023 میں اس پیکیج کا اعلان کیا تھا، یہ ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی کی تجویز کر دہ اسکیموں کے لیے تھا۔

حکومت نے رقوم اسی وقت پی آئی ڈی سی ایل کے اکائونٹ میں منتقل کردی تھیں تاہم اسکیموں کو فائنل کرنے، ایکنک سمیت مختلف فورم سے ان کی منظوری اور دیگر مراحل سے گزرنے کے بعد اب ان کے 28،29 اور 30 جولائی کو ٹینڈرکھل گئے ہیں۔

تمام منصوبوں پر چند دن میں آن گرائونڈ کام شروع ہو جائے گا، اسکیموں میں سڑکوں گلیوں کی تعمیر جن میں پیور بلاکس کی تنصیب،اسٹریٹ لائٹس، پانی، سیوریج لائنوں کا بچھانا، بلدیہ ٹائون میں5،5 لاکھ کے 2 انڈر گرائونڈ ٹینکس کی تعمیر، بعض سرکاری اسپتالوں میں میڈیکل مشینری اور آلات کی فراہمی سمیت دیگر بنیادی ضروریات کے منصوبے شامل ہیں۔