اسلام آباد:نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حیدر عباس نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال پاکستان پر400سے زائد سائبر حملے کیے گئے تاہم تمام سائبر حملوں کو بروقت ناکام بنایا گیا۔
ڈاکٹر حیدرعباس نے کہا کہ ہمیں ایک مضبوط نیشنل سائبر سیکورٹی اتھارٹی کی ضرورت ہے، نیشنل سائبر سیکورٹی اتھارٹی وزیراعظم کے ماتحت ہونی چاہیے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے پاکستان کو درپیش بڑھتے ہوئے سائبر خطرات، ریاستی سرپرستی میں ہونے والے سائبر حملوں کے تناظر میں پاکستان کی سائبر سیکورٹی یقینی بنانے کے لیے وزیراعظم کی سربراہی میں ایک بااختیار نیشنل سائبر سیکورٹی اتھارٹی کے قیام کی تجویز پیش کردی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نیشنل ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے کہا کہ نیشنل سائبر سیکورٹی اتھارٹی کو پورے ملک کی سائبر سیکورٹی کا انتظام چلانا چاہیے، وزیراعظم کی سربراہی میں یہ اتھارٹی زیادہ موثر طور پر کام کرسکے گی۔

