مٹیاری کے قریب مال گاڑی الٹ گئی، دونوں ٹریک بند ، ٹرینیں مختلف اسٹیشنز پر روک دی گئیں

حیدرآباد: مٹیاری کے قریب مال گاڑی کی 17 بوگیاں ٹریک سے اترنے کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک بند ہوگئے۔

سندھ کےشہر مٹیاری میں واقع وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کی 17 بوگیاں حادثے کا شکار ہو کر  پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک مکمل طور پر بند ہوگئے۔

ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی کے مطابق حادثے کے بعد تمام ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے، روہڑی سے روانہ ہونے والی ریلیف ٹرین رات گئے تک جائے حادثہ پہنچے گی، جبکہ کوٹری سے بھی ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے میں ریلوے ٹریک کا بڑا حصہ متاثر ہوا ہے، جس کی بحالی میں کافی وقت درکار ہوگا، تاہم دونوں ٹریک جلد از جلد کلیئر کر کے معطل ریلوے آپریشن بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ڈی ایس ریلوے سکھر کے مطابق جیکب آباد سے کراچی جانے والی سکھر ایکسپریس کو آج منسوخ کردیا ہے۔

دوسری جانب ڈی سی او ریلویز کراچی کا کہنا ہےکہ حادثے کی وجہ سے ٹریک 24 گھنٹوں تک معطل رہنے کا امکان ہے، حادثے کی وجہ سے کل تک کی ٹرینیں معطل کی گئی ہیں۔

ریلوے حکام کا بتانا ہےکہ قراقرم ایکسپریس کو حیدرآباد اسٹیشن ، علامہ اقبال ایکسپریس کو کوٹری اسٹیشن پر روک لیا گیا، پاکستان ایکسپریس کو لانڈھی اسٹیشن،  تیزگام ایکسپریس کو ڈرگ روڈ جبکہ ملت اور فرید ایکسپریس کوکینٹ اسٹیشن پر روک لیا گیا۔

دوسری جانب ترجمان پاکستان ریلویز کراچی ڈویژن کا کہنا ہے کہ کراچی ڈویژن اپنی حدود کے تمام متاثرہ مسافروں کو ریفنڈ کرے گا۔