کراچی: حادثے کا شکار نجی کارگو طیارے کے مزید پرزے اور ملبہ گہرے سمندر سے برآمد

کراچی کے قریب نجی کارگو طیارے کے حادثے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے اور سمندر سے جہاز کا مزید ملبہ برآمد کر لیا گیا۔ 

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بلیک باکس اور عملے کے پانچوں لاپتا ارکان کی تلاش کے لیے فضائی اور بحری وسائل بھرپور انداز میں استعمال کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان نے بتایاکہ برآمد ہونے والا ملبہ مزید تکنیکی اور فارنزک تجزیے کے لیے بیورو آف ائیرکرافٹ سیفٹی انویسٹیگیشن کی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق تاحال طیارے کے بلیک باکس اور عملے کے پانچوں لاپتا ارکان کی تلاش جاری ہے، اس مقصد کے لیے پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی مشترکہ طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔